لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج ملک بھر میں احتجاج کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، اس سلسلے میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی تیاریاں جاری ہیں۔ تاہم لاہور انتظامیہ اور اسلام آباد انتظامیہ نے الرٹ جاری کرتے ہوئے احتجاج کی اجازت نہیں دی۔
تحریک انصاف کے کارکنان ریلیوں کی صورت میں مختص کردہ جگہوں پر احتجاجی مظاہرے کے لیے پہنچ رہے ہیں، اسلام آباد میں شیر افضل مروت کی قیادت میں ریلی ایف 9 پارک کی طرف رواں دواں ہے۔
لاہور میں پی ٹی آئی کی ریلی پر پولیس نے دھاوا بول دیا اور کارکنا کی پکڑ دھکڑ شروع کردی، اس دوران پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا کو بھی گرفتار کر لیا گیا، سلمان اکرم راجا نے کہا کہ یہ غیر قانونی طور پر مجھے گرفتار کر رہے ہیں۔
پاکستان میں عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام آج ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ جمعرات کو عمران خان سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا تھا کہ عمران خان نے انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاجی مہم چلانے کے لیے کہا ہے۔









