اسلام آباد(نیوزڈیسک)چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے الزامات کے بعد اہم مشاورتی اجلاس طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے الزامات کے بعد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے چیمبر میں ججز کا اہم مشاورتی اجلاس جاری ہے جس میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس یحیٰی آفریدی شریک ہیں۔
جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللہ بھی چیف جسٹس کے چیمبر میں موجود ہیں۔
مشاورتی اجلاس میں ججز کے درمیان کمشنر راولپنڈی کے الزامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مشاورت کے بعد ازخود نوٹس لینے یا نہ لینے کا فیصلہ ہوگا۔
قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کمشنر راولپنڈی کےا لزامات پر اپنے ردعمل میں کہا کہ الزامات میں ذرا سی سچائی یا صداقت ہے تو ثبوت دیں،اچھے برے کا تعین بعد میں ہوگا،الزامات تو کوئی بھی لگا سکتا ہے،کل مجھ پر کوئی چوری کا الزام بھی لگا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ عام انتخابات 2024 میں دھاندلی کے الزامات کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔








