اسلام آباد(طارق محمود سمیر) کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کی طرف سے راولپنڈی ڈویژن میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کرانے کے اعترافی بیان کے بعد بعض سیاسی جماعتوں کی طرف سے دھاندلی کے الزامات کو نہ صرف تقویت ملی ہے بلکہ اب ضروری ہوگیا ہے کہ سارے معاملے کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے یا سپریم کورٹ کا بینچ سماعت کرے ، کمشنر راولپنڈی کے اعترافی بیان میں بہت سے تضادات بھی سامنے آئے ہیں اور دھاندلی کے الزامات کے علاوہ اس بیان نے کئی اور سوالات بھی کھڑے کردیے ہیں ،انہوں نے خودکشی کرنے کی بجائے انتخابی عمل پر خود کش حملہ توکرہی دیا ہے تاہم اپنے بیان میں انہوں نے ایک تو چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر الزام تراشی کردی اور دوسری جانب یہ کہہ دیا کہ فوج نے انتخابات صحیح کرائے حالانکہ دیگر سیاسی جماعتیں کچھ کھلے عام اور کچھ دبے الفاظ میں اسٹیبلشمنٹ پر دھاندلی کے الزامات عائدکر رہی ہیں، بہر حال ان کے اس بیان نے 2013کے الیکشن میں الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل سیکرٹری محمد افضل خان کے الزامات کی بھی یاد تازہ کردی ہے، افضل خان نے اس وقت یہ الزامات عائد کیا تھا کہ الیکشن میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی ، 35پنکچرز لگے لیکن جب عدالتی کمیشن نے ان سے ثبوت مانگے تو وہ کوئی شواہد پیش نہیں کرسکے تھے ، کمشنر نے بھی زبانی بات کی ہے کوئی ثبوت پیش نہیںکیا اور سب سے زیادہ معاملہ ان دو باتوں سے مشکوک ہو جاتا ہے ایک چیف جسٹس پر الزام لگانا، دیکھا جائے تو چیف جسٹس کو الیکشن کرانے کا کریڈٹ دیا جاسکتا ہے اور الیکشن کے عمل سے ان کا کوئی کردار نہیں ہوتا، بعض تجزیہ نگار تو کمشنر کے اس بیان کوکسی گہری سازش کا سلسلہ قرار دے رہے ہیں جس کا مقصد پاکستان کے اندر حالات کو خراب کرنا ہے اور الیکشن کو متنازعہ بنانے کا مقصد افراتفری کی فضاء کو برقرار رکھنا ہے۔ بعض صحافی تو چیف جسٹس پر الزام لگانے کی کڑیاں بزنس ٹائیکون ملک ریاض سے بھی جوڑ رہے ہیں کیونکہ ملک ریاض کے خلاف حال ہی میں چیف جسٹس نے ایک بڑا فیصلہ دیا اور 190ملین پائونڈ سکینڈل میں احتساب عدالت سے ان کے وارنٹ جاری ہوئے ہیں جبکہ اینٹی کرپشن پنجاب جس کے سربراہ سہیل ظفر چٹھہ ہیں وہ گزشتہ چھ ماہ سے لیاقت چٹھہ کے رئیل اسٹیٹ کے کاروبار اور بعض ہائوسنگ سوسائٹیوں کے مالکان سے ان کے قریبی تعلق کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں جو آخری مراحل میں ہیں، بہر حال اس سارے معاملے میں الیکشن کے شفاف انعقاد پر جو سیاسی جماعتوں سے سوالات اٹھ رہے تھے اب ایک بیوروکریٹ کی طرف سے سوال اٹھنا سنجیدہ معاملہ لگتا ہے ،اب ضروری ہوگیا ہے کہ فوری طور پر کوئی عدالتی کمیشن تشکیل دے دیا جائے جس میں لیاقت چٹھہ کے علاوہ راولپنڈی ،اٹک ،جہلم ، چکوال ، مری سمیت دیگر شہروں میں تعینات ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران کو وہاں طلب کر کے بیان حلفی لئے جائیں۔ ایک سینئر افسر کی طرف سے عائد کئے گئے الزامات کو الیکشن کمیشن کی ایک وضاحتی پریس ریلیز کے ذریعے ختم نہیں کیا جا سکتا اس کیلئے کسی متعلقہ عدالتی فورم پر ہی فیصلہ ہوگا ، ایک رٹ پٹیشن پر19 فروری کیلئے سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ تشکیل دیا جا چکاہے جس میں الیکشن میں مبینہ دھاندلی پر سماعت کی جائے گی اور وہاں پر عدالت کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی تحقیقات کرانے کا بھی حکم دے سکتی ہے ، علاوہ ازیں چیف جسٹس نے بھی ایک بیان کے ذریعے کمشنر کے الزامات کو غلط اور بے بنیاد قرار دیدیا ہے اورکہا ہے کہ کوئی ثبوت پیش نہیںکیا گیا صرف الزام تراشی کی گئی ہے ۔دوسری جانب یہ بھی ضروری ہوگیا ہے کہ کمشنر کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے اور اس وقت انہیں بیرون ملک جانے نہ دیا جائے جب تک عدالتی تحقیقات کا کوئی نتیجہ سامنے نہ آجائے کیونکہ میڈیا اطلاعات کے مطابق ان کا بیٹا اور بہو برطانیہ میں مقیم ہیں اور دیگرکئی رشتہ دار امریکا میں رہتے ہیں اور 13فروری کو ہی ان کا امریکا کا پانچ سال کا ویزا لگاہے جس کی تصاویر بھی منظر عام پر آچکی ہیں ، تحقیقاتی اداروں نے کمشنر کا موبائل ، پاسپورٹ اور دیگر دستاویز بھی حاصل کر لی ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آجائیں گی ، کمشنر کے متعلق ایک اور دلچسپ بات بھی معلوم ہوئی ہے کہ ان کے مسلم لیگ (ن) ، تحریک انصاف، مسلم لیگ (ق)، پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت سے قریبی تعلقات تھے اور ہمیشہ اہم عہدوں پر اپنے تبادلے اور تقرریاں کراتے تھے، عمران خان کے دور حکومت میں انہیں ایک خاتون رہنما کی سفارش پر ڈیرہ غازی خان کا کمشنر لگایا گیا تھا جبکہ حمزہ شہباز کی سفارش پر بھی وہ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں تعینات رہے جبکہ نگران حکومت کے دور میں اہم سفارش پر انہیں نگران وزیراعلیٰ نے راولپنڈی جیسے اہم ڈویژن کا کمشنر تعینات کیا اور اب نگران وزیراطلاعات عامر میر انہیں ذہنی مریض قرار دے رہے ہیں ، نگران وزیراطلاعات کے بھائی حامدمیر اپنے بھائی کی ساری گفتگو اورکمشنر پر لگائے گئے الزامات کو غلط قرار دیکرکمشنرکی تمام باتوں کو درست قرار دے رہے ہیں ۔
’’کمشنرراولپنڈی کے بیان پرجوڈیشل کمیشن بنناچاہیے‘‘








