اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہبازشریف کل (اتوارکو)متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے جہاں وہ یواے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی وفات پر تعزیت کریں گے ۔وزیراعظم پاکستان کی قیادت، حکومت اور عوام کی طرف سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا پیغام پہنچائیں گے۔دریں اثنااپنے تعزیتی پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کے عظیم دوست شیخ زیدکی وفات کے بعد شیخ خلیفہ بن زیدنے اپنے والد کے مشن کو قابلیت سے آگے بڑھایا،شیخ زید نے یواے ای کی فیڈریشن کی بنیاد رکھی تھی، شیخ خلیفہ نے اسے مزید مضبوط کیا اورمثالی ترقی دی،پچاس سال کی مسلسل محنت سے شیخ خلیفہ نے یواے ای کے لئے اپنے والد کے ترقیاتی وږن کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کیا ۔وزیراعظم نے کہا کہ شیخ خلیفہ مرحوم نے اپنے دور میں مشاورت کو اپنی قوت بنایا، وہ عوام سے رابطے میں رہتے تھے ،وہ اعلی تعلیم یافتہ اور زیرک شخصیت تھے جنہوں نے اپنے اقتدار کو ملک اور عوام کی خدمت کے لئے وقف رکھا،شیخ زید کی طرح شیخ خلیفہ بن زید النھیان کی وفات امت مسلمہ کا ایک بڑا نقصان ہے ۔
وزیراعظم، شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی وفات پر تعزیت کیلئے کل یواے ای جائیں گے








