بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بالائی علاقوں میں شدیدبرفباری، سڑکیں اور بجلی بند، کئی کھمبے اکھڑ گئے

ملک کے بالائی حصوں میں برفباری کے باعث سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، خراب موسمی صورتحال کے باعث گزشتہ روز کے پی میں 4 افراد میں جاں بحق ہوئے، جبکہ بالائی علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند ہو ہیں۔

ملک بھر میں بارش اور برفباری جاری ہے، خیبرپختونخوا میں میں حادثات کے باعث چار افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے، دوسری جانب ناران میں 8 فٹ اورشوگران میں 2 فٹ تک برف پڑی اور کالام میں 3 فٹ، مالم جبہ میں 2 فٹ تک برف گری۔

مالم جبہ میں متعدد کھمبے اکھڑ گئے، گزشتہ رات سے بجلی منقطع ہے، کشورہ سے آگے روڈ بھی بند ہے، دیربالا میں بالائی علاقوں کی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔

گلگت بلتستان میں بھی لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم اور گلگت سکردو روڈ بند ہے، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، غذر کے بالائی علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا۔

راولاکوٹ کا سیاحتی مقام تولی پیرروڈ بند ہوگیا، وادی لیپہ میں نظام زندگی معطل ہوگیا اور ریشیاں لیپہ روڈ دوسرے روزبھی بند ہے۔ مری سمیت کئی شہروں میں بھی بارش ہوئی، راولپنڈی میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔

جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے سردی ایک بار پھر لوٹ آئی ہے۔