اسلام آباد(نیوزڈیسک)پی ٹی آئی کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کی کالعدم قیادت کا نیا انڑا پارٹی الیکشن کرانے کے فیصلے کو الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔
اپنے ایک بیان میں اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کالعدم قیادت کا 3 مارچ 2024 کو انڑا پارٹی الیکشن کے انعقاد کے اعلان پر، پی ٹی آئی کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس فیصلے کو الیکشن کمیشن آف پاکستان میں بہت جلد چیلنج کریں گے۔ اس سلسلے میں قانونی مشاورت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دسمبر 22، 2023 کے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کے مطابق جس کی تصدیق سپریم کورٹ آف پاکستان نے 13 جنوری 2024 کو اپنے تاریخی فیصلے کے ذریعے کی تھی، تمام موجودہ پی ٹی آئی قیادت کَالعَدَم ہو چکی ہے۔یہاں تک کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں صفحہ نمبر 14 پر بیرسٹر گوہر خان کو “خود نامزد کردا” پی ٹی آئی کا چیرمین قرار دیا تھا۔
لہٰذا اس خود ساختہ اور خود نامزد کنندہ کالعدم پی ٹی آئی قیادت کا انڑا پارٹی الیکشن کے حوالے سے کسی نئی مہم جوئی کا بھر پور قانونی اور سیاسی میدان میں مقابلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے مطالبہ کیا جب تک پی ٹی آئی کی قانونی حیثیت بحال نہیں ہوتی، پی ٹی آئی کی کالعدم قیادت کا پی ٹی آئی وسائل بشمول دفتر اور بینک اکاؤنٹس کا استعمال غیر قانونی ہے جس پر پابندی عائد کی جائے۔