اسلام آباد(طارق محمودسمیر)مسلم لیگ(ن) کی ترجمان و سابق وفاقی وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کے مخصوص نشست پرپنجاب اسمبلی کی ممبر بننے کانوٹی فکیشن جاری ہونے کے بعد اس بات کاقوی امکان ہے کہ انہیں صوبائی وزیراطلاعات وثقافت کا قلمدان سونپاجائے گا ،نامزدوزیراعلیٰ مریم نواز کی یہ خواہش ہے کہ مریم اورنگزیب پنجا ب میں ان کی حکومت ترجمانی کریں اور میڈیاکے معاملات کو احسن طریقے سے چلائیں، ن لیگ کے ذمہ دار ذرائع نے بتایاکہ مریم اورنگزیب جو 2017 سے مسلم لیگ ن کے میڈیاکے معاملات کو بہت احسن طریقے سے چلارہی ہیں اور وہ دومرتبہ اطلاعات و نشریات کی وفاقی وزیررہ چکی ہیں اور پی ڈی ایم حکومت کے خاتمے کے بعد ن لیگ کی ترجمان کےطور پر اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں ،تحریک انصاف کے چارسالہ دورحکومت میں مریم اورنگزیب نے پارٹی ترجمان کے طور پر موثر انداز میں میڈیامیں ن لیگ کا موقف پیش کیا،پرویزمشرف کے دورحکومت میں ن لیگ کے قائد میاں نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز(مرحومہ) کے ساتھ سیاسی جدوجہدمیں ان کی خالہ بیگم نجمہ حمید اور والدہ بیگم طاہرہ اورنگزیب نے عملاً حصہ لیا اور سابق فوجی آمرکاڈٹ کر مقابلہ کیا،یہ وہ وقت تھا جب ن لیگ راولپنڈی کے اہم رہنما شیخ رشید احمد،اعجازالحق پارٹی کو چھوڑگئے تھے، ذرائع کے مطابق نامزدوزیراعظم میاں شہبازشریف کی بھی یہ خواہش ہےکہ مریم اورنگزیب وفاق میں وزیراطلاعات کے طورپرفرائض سرانجام دیں اور وہ اس سلسلے میں اپنے بڑے بھائی نوازشریف سے بات کریں گے ،مریم اورنگزیب کے پنجاب میں وزیربننے کے بعد اس بات کا امکان ظاہرکیاجارہاہے کہ وفاق میں ن لیگ کے رہنماعطااللہ تارڑ اور بلال کیانی میں سے کسی ایک کو وزارت اطلاعات کا قلمدان دیاجاسکتا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ آئندہ چندروز میں ہوگا۔
مریم اورنگزیب کو وزیراطلاعات پنجاب کا قلمدان ملنے کا امکان








