اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل پیر کوہ میں ہیضے کی وبا کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کردیں۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیر اعظم نے حکام کو ہدایات جاری کیں کہ ہیضے کی وبا سے متاثرہ لوگوں کو کھانے کی اشیا، پینے کا صاف پانی اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
یہ پیشرفت کوہ پیر کے رہائشیوں کی جانب سے گزشتہ روز پینے کے پانی کی عدم فراہمی اور علاقے میں ہیضے کے کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے خلاف ریلی پیر کوہ میں ریلی اور دھرنا دینے کے بعد سامنے آئی ہے۔
پیر کوہ میں ریلی کے دوران لوگوں نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبات درج تھے، انہوں نے حکومت اور مقامی انتظامیہ کے خلاف نعرے بھی لگائے اور بعد ازاں گیس پلانٹ کی طرف جانے والے والا روڈ دھرنے میں بیٹھ کر بلاک کردیا۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے مقامی قبائلی عمائدین نے کہا کہ پیر کوہ میں پینے کا صاف پانی نہ ہونے کی وجہ سے ہیضے کی وبا پھیلی، انہوں نے کہا کہ ’صاف پانی نہ ہونے کی وجہ سے ہم جانوروں کے ساتھ تالابوں سے آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ گزشتہ دو روز سے احتجاج کر رہے ہیں مگر ابھی تک پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔
وزیر اعظم کا ڈیرہ بگٹی میں ہیضے کی وبا روکنے کیلئے ہنگامی اقدامات کا حکم








