لاہور (ممتازنیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور نامزد وزیراعظم شہبازشریف سے ایم کیوایم وفد نے ملاقات کی ، ایم کیوایم وفد گورنر سندھ کامران ٹسوری، مصطفی کمال اور ڈاکٹر فاروق ستار پر مشتمل تھا ،ملاقات میں سینیٹر اسحاق ڈار، رانا ثناءاللہ خاں، سردار ایاز صادق ،خواجہ سعد رفیق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، رانا مشہود، عطاءاللہ تارڑاور دیگر راہنمابھی موجود تھے ۔ملاقات میں ملکی صورتحال اور سیاسی تعاون کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔شہبازشریف نے ایم کیوایم کے تعمیری اور مثبت جذبے کو سراہتے ہوئے کہاکہ تمام جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام ووٹ کو عزت دینا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم سب جماعتوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں، سب کی ذمہ داری ہے کہ مل کر ملک کو معاشی خطرات سے بچائیں۔ شہبازشریف نے کہاکہ تحریک عدم اعتماد اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے میں ایم کیو ایم کے کردار کو سراہتے ہیں۔قائدین اس بات پر اتفاق کیاکہ عوام کی خدمت کے لئے ہم سب متحد ہوکر آگے بڑھیں گے، سیاسی مفادات کے بجائے قومی مفادات ترجیح ہیں، ایم کیو ایم وفد نے شہبازشریف کی ملک وقوم کے لئے خدمات کو سراہا ۔ایم کیو ایم وفد نے کہاکہ شہبازشریف 16 ماہ کے دوران تمام اتحادیوں کو بڑی خوش اسلوبی سے ساتھ لے کر چلے، امید ہے کہ آپ کی قیادت میں پاکستان اور عوام کو مسائل سے نجات ملے گی۔
شہبازشریف سے ایم کیوایم کے وفدکی ملاقات، عوامی خدمت کے لئے متحد ہوکر آگے بڑھنے پر اتفاق








