لاہور: پنجاب اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ (ن) اور سنی اتحاد کونسل کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔
سکروٹنی کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے۔
سیکرٹری پنجاب اسمبلی چوہدری عامر حبیب کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ ملک محمد احمد خان اور سنی اتحاد کونسل کے احمد خان بھچر کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ ظہیر اقبال چنڑ اور سنی اتحاد کونسل کے معین ریاض کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے۔
چوہدری عامر حبیب کے مطابق اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب 24 فروری 2024ء کو سہ پہر 4 بجے منعقد ہونے والے اجلاس میں ہوگا۔
سیکرٹری پنجاب اسمبلی نے بتایا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔
اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ (ن) اور سنی اتحاد کونسل کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے۔
اسپیکرپنجاب اسمبلی کے لیے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ملک احمد خان نے جبکہ سنی اتحاد کونسل کی طرف سے اسپیکر کے لیے احمد خان بھچر نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔
ڈپٹی اسپیکر کے لیے مسلم لیگ (ن) کے ظہیر اقبال چنڑ اور سنی اتحاد کونسل کے معین ریاض قریشی نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔








