بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں خواتین مخصوص نشستوں کی فہرست تیار کرلی

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں خواتین مخصوص نشستوں کی فہرست تیارکرلی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا اسمبلی میں خواتین مخصوص نشستوں کی فہرست تیار کرلی گئی، جس میں سابق ایم پی ایز کو فوقیت دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین مخصوص نشستوں پر مشال یوسفزئی اور ان کی 2 خواتین دوست بھی فہرست میں شامل ہیں، چترال کی فوزیہ بی بی کو بھی مخصوص نشست پر لایا جارہا ہے، من پسند خواتین کو دیرینہ کارکن ظاہر کرکے فہرست میں شامل کردیا گیا ہے۔

پارٹی سرگرمیوں میں جاں بحق 2 افراد کے خاندان کی خواتین بھی فہرست میں شامل ہیں، ضلع پشاور سے کوئی بھی خاتون فہرست میں شامل نہیں ہے، خواتین نے اسپیکر ہاؤس کے سامنے احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فہرست میں سنیٹیر فلک ناز کی دوست زاہدہ ظہور شامل ہیں، صوابی کی گل نسرین جو ارباب شیر علی کی رشتہ دار ہے، عائشہ نعیم کا تعلق بھی صوابی سے ہیں، مردان سے تعلق رکھنے والی روبینہ ناز، شازیہ اور ڈی آئی خان سے رابعہ بصری شامل ہیں۔

علی امین گنڈا پور کے کہنے پر 2 اور خواتین بھی فہرست میں شامل ہیں،کلثوم، سابق ایم پی اے عائشہ بانو اور بی بی جان بھی فہرست میں شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی منظوری کے بعد فہرست جمع کروائی جائے گی۔