گجرات(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ میں نے اسٹیبلشمنٹ کے نمبر بند کر دیے ہیں لیکن ان کا رونا بتا رہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ نے ان کا نمبر بند کر دیا ہے۔ اتوار کو گجرات میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جس نمبر پر تم فون کر رہے ہو وہ بدل گیا ہے۔ آگے سے آواز آتی ہے کہ آپ کو مطلوبہ سہولت میسر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے کہ فوری الیکشن کراؤ لیکن اب الیکشن تب ہوں گے جب ہمارا قائد نواز شریف لندن سے فیصلہ کرے گا۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ جب وہ عمران خان کی چیخ و پکار دیکھتی ہیں تو اس بچے کی یاد آتی ہے جس نے امتحان کی تیاری نہیں کی ہوتی اور ماں باپ سے کہتا ہے امی مجھے بخار ہو گیا، مجھے زکام ہوگیا۔عمران خان بھی ایسے ہی رو رہا ہے۔ جب سر پر امتحان کا ٹائم آیا تو پہلے جعلی خط آیا، پھر بین الاوقامی سازش بھی پٹ گئی تو پھر اب عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے کیلئے کہتا ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ جب تک تم حکومت میں تھے عوام پر قیامت توڑتے رہے تو اس وقت نہ خط تھا نہ سازش تھی اور نہ جان کو خطرہ تھا۔ اب عوام چار سال کارکردگی کا حساب مانگتی ہے تو اس کا دامن خالی ہے۔کیا اس نے کسی جلسے میں بتایا کہ ان کی کارکردگی کیا ہے۔ آپ کہتے ہیں ویڈیو ریکارڈ کرکے رکھ دی ہے،آپ کی کارکردگی صفر ہے اس لیے جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہو۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنے بدترین دشمن کے لیے بھی بد دعا نہیں کرتے، اللہ تمہیں زندہ رکھے اور تم میاں نواز شریف کی کامیابیاں دیکھو۔رانا ثنااللہ سے کہتی ہوں ان سے ویڈیو لیں۔ کسی حادثے سے پہلے ویڈیو سامنے لاؤ۔ پھر نواز شریف کا ظرف دیکھنا وہ تمہیں شہباز شریف سے زیادہ سیکیورٹی دے گا، یہ اپنی تقریر میں زہر کا ذکر کر رہا تھا، اگر آپ کے کھانے میں کوئی زہر ملائے گا تو وہ آپ کا کچن یا گھر والا کوئی ہوگا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ابھی حساب باقی ہے نواز شریف کو جیل میں موت اور زندگی کی کشمکش میں پہنچایا تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ گجرات نے تمام جلسوں کا ریکارڈ توڑ دیا، تاریخی جلسے پر گجرات کے لوگوں کا شکریہ، ماضی میں بھی نواز شریف نے گجرات میں تاریخی جلسہ کیا تھا، گجرات کے عوام نے آج مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دےدیا۔
الیکشن تب ہوں گے جب نواز شریف لندن سے فیصلہ کرے گا، مریم نواز








