نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد پہلا دورہ گوادر کا کرینگے۔
نجی ٹی وی کے مطابق شہباز شریف عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد اپنے پہلے دورے پر منگل کے روز گوادر پہنچیں گے، نومنتخب وزیر اعظم بارشوں سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرینگے اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے بعد متاثرین کیلئے امداد ی پیکج کا بھی اعلان کریں گے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے چناؤ کا عمل مکمل ہونے کے بعد صدر مملکت عارف علوی کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق قومی اسمبلی نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب کیا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے امیدوار شہباز شریف اور سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب کے درمیان مقابلہ ہوا۔








