بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حسن و حسین نواز کی 3 ریفرنسز میں وارنٹ معطلی کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کے خلاف العزیزیہ، فلیگ شپ و ایون فیلڈ ریفرنس میں دائمی وارنٹ معطل کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

حسن نواز اور حسین نواز کی درخواستوں پر احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے سماعت کی جن کے روبرو حسن و حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح پیش ہوئے۔

نیب پراسیکیوٹرز سردار مظفر، عثمان مسعود، سہیل عارف بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

حسن اور حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دیا گیا، ان کے دائمی وارنٹ جاری ہوئے، ان 3 ریفرنسز میں دیگر ملزمان بری ہو گئے تھے، حسن اور حسین نواز 12 مارچ کو پاکستان آنا اور احتساب عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی وکیلِ صفائی قاضی مصباح نے حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ معطل کرنے کی استدعا کر دی۔

نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ قانون کہتا ہے کہ ملزمان عدالت میں پیش ہوں، پیش ہونا پڑے گا، اس کے بغیر وارنٹِ گرفتاری معطل نہیں ہو سکتے، وارنٹ کا مطلب ہی ملزم کو عدالت لانا ہے، حسن نواز اور حسین نواز کو احتساب عدالت میں پیش ہونے کا موقع دیا جائے۔

وکیل صفائی قاضی مصباح نے عدالت کو بتایا کہ ایون فیلڈ میں 5 ملزمان تھے، احتساب عدالت نے 3 کو سزا دی، جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 3 ملزمان کو بری کر دیا تھا۔

احتساب عدالت نے حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ معطل کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا، فیصلہ 2 بجے سنایا جائے گا۔