لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے قائد وسابق وزیراعظم نوازشریف سے پی ٹی آئی کےباغی رہنماعبدالعلیم خان نے پیر کو یہاں حسین نوازکےدفترمیں 2گھنٹے سےزائدوقت تک ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال بالخصوص پنجاب کی سیاست پرتبادلہ خیال کیا گیاجب کہ صوبائی کی کابینہ کی تشکیل کےاموراورآئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں علیم خان اور ان کے ساتھیوں کی مسلم لیگ ن میں ممکنہ شمولیت اور آئندہ عام انتخابات خصوصاً علیم خان گروپ کے ارکان کو ٹکٹوں کےحوالےسے بھی معاملات زیربحث آئے۔اس موقع پرعبدالعلیم خان نےنوازشریف کی خیریت دریافت کی اور نیک خواہشات کااظہارکیا ۔ملاقات کے بعد صحافیوں سے مختصر گفتگو میں جب علیم خان سے پاکستان کے موجودہ حالات کے بارے میں سوال ہوا تو انہوں نے کہاکہ انشا اللہ پاکستان کے حالات ضرورٹھیک ہوں گے ۔اس سوال پر کہہ کہا جارہا ہے کہ حکومت پھر جارہی ہے ؟علیم خان نے کہاکہ میراتو سیاست سے کوئی تعلق نہیں اس بارے میں سیاست دانوں سے بات کی جائےوہیں زیادہ بہتر بتا سکیں گے۔
نوازشریف سے علیم خان کی ملاقات ،ملکی سیاسی صورتحال،آئندہ انتخابات سے متعلق تبادلہ خیال








