پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 76 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پشاور زلمی پی ایس ایل 9 میں پہنچنے والی دوسری ٹیم ہے، اس سے قبل ملتان سلطانز پلے آف میں پہنچ چکی ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل سیزن 9 کے 25 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رائلی روسو نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب اور بابر اعظم نے اننگز کا شاندار آغاز کیا تاہم 46 کے مجموعی اسکور پرصائم ایوب 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 30 رنز بنا کر سہیل خان کی گیند پر ابرار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پشاور زلمی کی دوسری وکٹ 93 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد حارث 20 رنز اسکور کرنے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے جبکہ تیسری وکٹ 100 کے مجموعی اسکور پر گری جب حسیب اللہ خان 6 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔
پشاور زلمی کی چوتھی وکٹ 136 کے مجموعی اسکور پر گری جب کپتان بابر اعظم ایک شاندار اننگز کھیلنے کے بعد 53 رنز اسکور کرنے کے بعد حسنین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے ۔
پشاور زلمی کی پانچویں وکٹ 147 کے مجموعی اسکور پر گری جب ٹام کوہلر کیڈمور 33 رنز بنانے کے بعد محمد حسنین کی گیند پر سعود شکیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
ٹیم کا اسکور 157 تک پہنچا تو پشاور زلمی کی 3 وکٹیں لگاتار گرگئیں، 157 کے اسکور پر چھٹی وکٹ عامر جمال کی صورت میں گری، وہ صرف 5 رنز بنانے کے بعد حسین کی گیند پر ایونس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد پشاور زلمی کو ساتواں اور آٹھواں نقصان بھی 157 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا، مہران ممتاز کو عقیل حسین نے کلین بولڈ کر دیا اور لیوک ووڈ بھی عقیل حسین کی گیند پر روسو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پشاور زلمی کی طرف سے رومن پاؤل 28 اور نوین الحق 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عقیل حسین نے سب سے عمدہ بولنگ کی اور ایل پی ایس ایل 9 کی پہلی ہیٹ ٹرک کی، انہوں نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
عقیل حسین نے اپنے چوتھے اوور کی دوسری، تیسری اور چوتھی گیند پر وکٹ لی، انہوں نے پشاور زلمی کے عامر جمال، مہران ممتاز اور لیوک ووڈ کو آؤٹ کیا۔
اس کے علاوہ سہیل خان، محمد حسنین اور ابرار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پشاور زلمی کے 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 18 ویں اوور میں 120 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کوئی بھی بیٹر بڑی اننگز نہ کھیل سکا، سعود شکیل 24 اور جیسن رائے 16 رنز بناکر نمایاں رہے۔
اس کے علاوہ رائلی روسو 8، سہیل خان 7 اور خواجہ نافے 5 رنز بناسکے، ابرار احمد صفر پر آؤٹ ہوئے۔
پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب، لیوک ووڈ ،مہران ممتاز اور خرم شہزاد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عامر جمال اور نوین الحق نے ایک ایک وکٹ لی۔
اس طرح پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 76 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی، اس جیت کے ساتھ پشاور زلمی نے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا، وہ پی ایس ایل کے ہر سیزن میں پلے آف میں پہنچنے والی واحد ٹیم ہے۔
پی ایس ایل سیزن 9 میں ملتان سلطانز 12 اور پشاور زلمی 11 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور دوسرے نمبر پر ہے، دونوں ہی اگلے مرحلے میں پہنچ چکی ہیں۔
اسلام آباد 9 میچز میں 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 8 میچز میں 9 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
کراچی 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے جبکہ لاہور قلندرز 3 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے۔









