بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فرانس کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن کا پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار

اسلام آباد(نیوزڈیسک)ایک حالیہ ملاقات میں، فرانسیسی ڈپٹی ہیڈ آف مشن (Guillaume Dabouis) نے نئے تعینات ہونے والے وزیر توانائی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک سے ملاقات کی جس میں پاکستان کے توانائی کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران فرانسیسی حکام نے پاکستان کے توانائی کے منظر نامے کے مختلف پہلوؤں میں سرمایہ کاری کرنے میں فرانس کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا، جس میں ایل این جی کارگو کی فراہمی سے لے کر توانائی کے وسائل کی تلاش تک، اور ملک کے اندر توانائی کی تجارت، تقسیم اور ترسیل کو بڑھانے کے منصوبے شامل ہو سکتے ہیں۔ مزید برآں، فرانسیسی وفد نے لائن لاسز کو کم کرنے اور مجموعی طور پر پاکستان کے توانائی کے شعبے کو بہتر بنانےکے اقدامات میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔فرانسیسی حکام کی جانب سے اپنا عہدہ سنبھالنے پرمبارکباد لینے والے وزیر نے پاکستان کے توانائی کے چیلنجوں سے جامع طور پر نمٹنے کے لیے اپنی تمام کوششیں وقف کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ نئی حکومت ایک مکمل اور مظبوط منصوبے کے ساتھ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے رجوع کرے گی۔ مزید برآں، انہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کی اہمیت کو اجاگر کیا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے کسی بھی معاہدے کو پاکستانی عوام کے بہترین مفادات سے ہم آہنگ کیا جائے۔حکومت کے وسیع تر اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر نے توانائی، خزانہ، تجارت، صنعت اور پیداوار، اور مواصلات سمیت اہم شعبوں کی بحالی کے لیے وزیر اعظم کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔انہو ں نے کہا کہ آئی ٹی اور SMES وزیراعظم کے تبدیلی کے منصوبے میں جامع اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چونکہ زراعت پاکستان میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، اس لیے وزیراعظم AI اور مشین لرننگ ٹیکنالوجیز کے استعمال سے زرعی شعبے کو جدید بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ فرانسیسی ڈپٹی ہیڈ آف مشن اور وزیر توانائی کے درمیان ہونے والی بات چیت ایک مثبت قدم یے جو پاکستان اور فرانس کے درمیان باہمی شراکت داری کو فروغ دے گا اور پاکستان کی توانائی کے مسائل کو حل کرنے میں مدد گار ثابت ہو گا۔