بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سینیٹ ضمنی انتخاب: 6 میں سے چار نشستوں پر پی پی امیدوار کامیاب

اسلام آباد(نیوزڈیسک)سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں 6 نشستوں میں سے 4 پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) امیدوار کامیاب ہوگئے جبکہ مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی کا ایک ایک امیدوار کامیاب ہوکر سینیٹر منتخب ہوا۔
ینیٹ کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ووٹنگ قومی اسمبلی، سندھ اور بلوچستان اسمبلی میں ہوئی۔ تینوں ایوان کے ممبران نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
ایوان بالا کی یہ 6 نشستیں حالیہ الیکشن میں ایم این اے اور ایم پی اے بننے والوں نے چھوڑیں۔
قومی اسمبلی کا نتیجہ
قومی اسمبلی سے پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی 204 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوگئے۔
ان کے مقابلے میں سنی اتحاد کونسل کے امیدوار الیاس مہربان کو 88 ووٹ ملے۔
سندھ اسمبلی کے نتائج کا اعلان
ریٹرنگ افسر نے سندھ اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے نتائج کا اعلان کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار اسلم ابڑو نے 57 اور سیف اللّٰہ دھاریجو نے 58 ووٹ حاصل کیے۔
سنی اتحاد کونسل کے امیدوار نذیر اللّٰہ اور شازیہ سہیل نے 4، 4 ووٹ حاصل کیے۔
ایوان میں 124 ووٹ کاسٹ ہوئے جبکہ ایک ووٹ مسترد ہوا۔
بلوچستان اسمبلی کے نتائج کا بھی اعلان
بلوچستان اسمبلی سے سینیٹ کے ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے امیدوار میر عبدالقدوس بزنجو سینیٹر منتخب ہوگئے۔
مسلم لیگ (ن) کے میر دوستین ڈومکی اور جمیعت علماء اسلام کے عبدالشکور بھی سینیٹر منتخب ہوئے۔
پیپلز پارٹی کے امیدوار میر عبدالقدوس بزنجو 23 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوئے، ن لیگی امیدوار میر دوستین ڈومکی 17 ووٹ جبکہ جے یو آئی کے عبدالشکور 16 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوئے۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے پہلا ووٹ کاسٹ کیا
قومی اسمبلی میں مولانا عبدالغفور حیدری نے پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف، مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے سینیٹ ضمنی انتخاب میں ووٹ کاسٹ کیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، اویس خان لغاری، فاروق ستار، محمود خان اچکزئی اور اسد قیصر نے ووٹ کاسٹ کیا۔
مسلم لیگ ن کی رکن قومی اسمبلی انوشہ رحمٰن، پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی رمیش لعل اور شہلا رضا نے ووٹ کاسٹ کیا۔
دوسری جانب سندھ اسمبلی میں سینیٹ نشستوں پر وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور عذرا پیچوہو سمیت اب تک 124 اراکین نے ووٹ کاسٹ کیے۔
بلوچستان میں سینیٹ کے ضمنی انتخاب کے لیے 57 اراکین نے ووٹ کاسٹ کر دیے۔
اسلام آباد کی 1، سندھ کی 2، بلوچستان کی 3 نشستوں پر ضمنی انتخاب
اسلام آباد کی 1، سندھ کی 2 اور بلوچستان کی 3 خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوا۔
یوسف رضا گیلانی، مولانا عبدالغفور حیدری، نثار کھوڑو، جام مہتاب، پرنس احمد عمر اور سرفراز بگٹی کے مستعفی ہونے کے بعد سینیٹ کی یہ نشستیں خالی ہوئی تھیں۔
اسلام آباد: الیاس مہربان اور یوسف گیلانی امیدوار
اسلام آباد سے سنی اتحاد کونسل کے الیاس مہربان اور پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی امیدوار تھے۔
پیپلز پارٹی کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے پولنگ ایجنٹ علی موسیٰ گیلانی اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار الیاس مہربان کے پولنگ ایجنٹ ملک عامر ڈوگر تھے۔
سندھ سے سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے جام سیف اللّٰہ خان اور محمد اسلم ابڑو جبکہ سنی اتحاد کونسل کے نذیر اللّٰہ اور شازیہ سہیل امیدوار تھے۔