بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 تحریک انصاف کاجمہوری عمل کا حصہ بننا مثبت قدم ،سنی اتحادکونسل مخصوص نشستوں کی حقدارنہیں،عطاتارڑ

 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑنے کہاہے کہ   تحریک انصاف جمہوری عمل کا حصہ بن رہی ہے یہ ایک مثبت قدم ہے، آئین کے تحت مخصوص نشستیں ایوان میں موجود جماعتوں کو ملتی ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطاءاللہ تارڑنے کہاکہ آزاد اراکین کو ایوان میں موجود کسی جماعت میں شامل ہونے کے لئے تین دن دیئے جاتے ہیں، آئین کے تحت مخصوص نشستیں ایوان میں موجود جماعتوں کو ملتی ہیں، جس جماعت نے الیکشن میں حصہ نہ لیا ہو، اسے مخصوص نشستیں نہیں مل سکتیں، اگر آزاد امیدواروں نے ایوان میں موجود کسی جماعت کے ساتھ شمولیت اختیار کی ہوتی تو صورتحال مختلف ہوتی۔انہوں نے استفسارکیاکہ کیا سنی اتحاد کونسل نے الیکشن سے قبل مخصوص نشستوں کی کوئی فہرست جاری کی تھی؟ سنی اتحاد کونسل ایوان میں موجود نہیں، الیکشن میں حصہ نہیں لیا ،تحریک انصاف نے صدر، وزیراعظم سمیت تمام آئینی عہدوں کے انتخاب میں حصہ لیا۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف جمہوری عمل کا حصہ بن رہی ہے یہ ایک مثبت قدم ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی، خوش اسلوبی سے معاملات زیر بحث آئے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور وزیراعظم کی ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، علی امین گنڈا پور اور احسن اقبال نے ملاقات کے بعد باہر آ کر جو باتیں کیں یہ جمہوریت کے لئے اچھا ہے،  وفاق اور صوبے کی آپس میں کوآرڈینیشن اچھا اقدام ہے، ہم نے پہلے بھی میثاق معیشت کے لئے ہاتھ آگے بڑھایا تھا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ آج بھی میثاق معیشت کے لئے ہاتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے میثاق مفاہمت کی بات کی ہے، میثاق مفاہمت کا راستہ اپنانا چاہئے، جہاں ریاست مخالف سرگرمی نہیں وہاں مفاہمت سے معاملات حل ہونے چاہئیں، عطاءاللہ تارڑ نے کہاکہ تحریک انصاف نے کئی مرتبہ قانون کی خلاف ورزی کی،پی ٹی آئی نے اپنے دور میں غلط روایات قائم کیں، اظہار رائے کا تحفظ ضروری ہے لیکن پاکستان کا مفاد سب سے مقدم ہے، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے لئے ضابطہ اخلاق ہونا چاہئے۔