اسلام آباد(ممتاز نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نےکہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی روز کے کھانے کا مینو خود بناتے ہیں ، 9مئی کے کیس کے ملزمان کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے شناخت کی گئی،پکڑے گئے افراد کی شناخت ظاہر کرنے سے تحقیقات متاثر ہوسکتی ہیں،جو بھی ادارہ تحقیقات کر رہا ہے ،مناسب وقت پر سامنے لے آئیں گے۔نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ جب اسمبلی توڑدی گئی اسد قیصر براجما ن نہیں تھے اس لئے انکی عزت کرتے ہیں،مفاہمت وہاں ہوتی ہے جہاں ریاست کے تحفظ پر آنچ نہ آئے۔انہوں نے کہا کہ جنہوں نے شہداکی یادگاروں پر حملہ کیا ان کے کیس عدالتوں میں ہیں،سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے شناخت ملزمان کا ٹرائل کیا جارہا ہے،ایسے شخص کو ملوث نہیں کیا گیا جو 9مئی واقعات میں نہیں تھا۔قبل ازیں اپنے ایک بیان میں عطا تارڑ نے میر علی میں دہشت گردوں کے حملے میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی شہدا اور قومی اداروں کے خلاف گھٹیا مہم چلانے سے صاف پتہ چل جاتا ہے کہ وہ غیرملکی چندے پر کیوں پل اور چل رہی ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے شہداء کے خلاف پی ٹی آئی سے منسلک اکاؤنٹس سے غلیظ مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے زمین پر، پی ٹی آئی حامیوں نے سوشل میڈیا کے محاذ پر حملہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے حملے ہوں یا 9 اگست کو سانحہ لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادتیں ہوں، تحریک انصاف نے ہمیشہ شہدا کا مذاق اڑایا، پوری قوم شہدا کی قربانیوں کے قرض کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، شہدا کی توہین کرنے والوں کیلئے قوم کے دل میں کوئی گنجائش نہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ یہ نہ سیاسی جماعت ہے نہ ہی یہ سیاسی کارکن ہیں، یہ صرف فسادی اور لشکری ہیں، ان شر پسند عناصر کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے دفتر کے باہر مظاہرہ کرکے پی ٹی آئی نے پاکستان کے معاشی محاذ پر حملہ کیا۔
9مئی کیس کے ملزمان کی شناخت ظاہر کرنے سے تحقیقات متاثر ہوسکتی ہیں،عطا تارڑ








