اسلام آباد( اصغر چوہدری ) تحریک انصاف نے کچے کے ڈاکووں کی جانب سے ٹرک ڈرائیوز اور عام شہریوں کے اغوا برائے تاوان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پکے کے ڈاکووں کے اقتدار میں آتے ہی کچے کے ڈاکو بے لگام ہو گئے ہیں ،عوامی مینڈیٹ چور پکّے کے ڈاکوؤں کی اقتدار میں آتے ہی کچّےکے ڈاکوؤں کی مجرمانہ کارروائیوں میں شدّت کی اطلاعات تشویشناک ہے۔منگل کو پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کچے کے ڈاکوؤں کی مجرمانہ سرگرمیوں میں خطرناک حد تک اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب سے پکے کے ڈاکوؤں نے رات کی تاریکی میں الیکشن چوری کرکے ملک پر قبضہ کیا ہے، تب سے انہوں نے اپنی بہیمانہ کارروائیوں اور گھناؤنے جرائم میں شدت پیدا کردی ہے۔ پی ٹی آئی کے ترجمان نے کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کی مجرمانہ اور غیر قانونی سرگرمیوں میں خطرناک اضافے پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو بلا تفریق یقینی بنانا ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔ترجمان تحریکِ انصاف نے کہا سماجی میڈیا پر عوام اور ذرائع ابلاغ کے نمائندے کچّے کے ڈاکوؤں کی سرگرمیوں کے حوالے سے مسلسل خبردار کررہے ہیں جبکہ قومی ذرائع ابلاغ کڑی پابندیوں کے سائے میں صورتحال پر رپورٹنگ تک سے عاجز نظر آرہا ہے اور عوامی مینڈیٹ پر کھلے ڈاکے کے ذریعے پکّے کے ڈاکوؤں کے اقتدار میں آتے ہی کچّےکے ڈاکوؤں کی کارروائیوں میں شدّت کی اطلاعات تشویشناک ہے۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ملک کے عوام لاقانونیت اور قانون کے امتیازی نفاذ کے نتیجے میں جمہور بدترین استحصال اور ظلم و فسطائیت کے حصار میں ہیں ۔پی ٹی آئی کے ترجمان نے نشاندہی کی کہ لوگوں کی جان، املاک اور بنیادی حقوق کو شدید خطرات لاحق ہیں، جب سےپیشہ ور مجرموں نے ملک کی باگ ڈور سنبھالی ہے، اور یہ سب بغیر کسی خوف کے ملک میں آذاد گھوم رہے ہیں ۔ترجمان تحریکِ انصاف نے زور دیا کہ مرکز، پنجاب اور سندھ میں بیٹھے ’’پکے‘‘ کے ڈاکو کچے کے ڈاکوؤں کی سرپرستی بند کریں تاکہ ملک کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔تاہم پی ٹی آئی کے ترجمان نے اس بات پر مایوسی کا اظہار کیا کہ جب تک ملک میں قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی قائم نہیں ہو جاتی پاکستان اور عوام کچے اور ’’پکے‘‘ کے ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر رہیں گے۔
پکے کے ڈاکووں کے اقتدار میں آتے ہی کچے کے ڈاکو بے لگام ہو گئے،پی ٹی آئی








