سوال: فرض کریں میرے اکاؤنٹ میں ایک کروڑ ہے جس پر سالانہ لاکھوں کا انٹرسٹ ملتا ہے جو کہ میں نہیں لیتا، وہ لاکھوں بینک میں رہ جاتے ہیں جس سے بینک یا سودی ادارے مضبوط ہوتے ہیں، میرا ارادہ یہ ہے کہ انٹرسٹ کے یہ پیسے استعمال کرنے کے بجائے میں مریضوں میں یا غریبوں میں تقسیم کر دیا کروں بلکہ جو لوگ انٹرسٹ نہیں لیتے اور ان کے پاس بڑی دولت ہے، وہ بھی غریبوں کی مدد کے لیے انٹرسٹ لے لیا کریں؟ (ڈاکٹر ہود چشتی)
جواب: جس شخص کا بینک میں سودی کھاتہ ہو اس پر فوری لازم ہے کہ وہ اسے ختم کرے اور بلا سودی کھاتہ (کرنٹ اکاؤنٹ) میں رقم جمع کرے کیوں کہ سودی معاملہ کرنے یا اسے جاری رکھنے کی اسلام میں گنجائش نہیں ہے۔
اگر بینک کا یہ معاملہ مسلمانوں کے ملک میں ہے تو جو سود اُسے ملنے والا ہو، وہ بھی وصول نہ کرے کیوں کہ سود کا وصول کرنا بھی ناجائز ہے، اگر وصول کرچکا ہو تو پھر فقراء پر ثواب کی نیت کے بغیر صدقہ کردے تاکہ حرام رقم سے گلوخلاصی ہوجائے، جو لوگ اس نیت سے بینک میں سودی کھاتے کھولتے یا سودی کھاتے جاری رکھتے ہیں کہ وہ سود وصول کرکے خود استعمال میں نہیں لائیں گے بلکہ غریبوں پر صدقہ کر دیا کریں گے تو وہ غلطی میں مبتلا ہیں۔
ایسے لوگ سودی معاملے کا ارتکاب کرکے خود تو گناہ گار ہوتے ہیں اور غریبوں کا دنیوی فائدہ کرتے ہیں، یہ سخت نادانی ہے کہ انسان اپنا دینی نقصان کر کے دوسروں کا دنیاوی بھلا کرے اور دوسروں کے دنیوی فائدے کے لیے اپنی آخرت برباد کرے۔
مشرکین مکہ سخت قحط کے زمانے میں جوا کھیلتے تھے اور جیتی ہوئی اشیاء خود استعمال میں نہیں لاتے تھے بلکہ فقیروں پر صدقہ کر دیا کرتے تھے، مگر اس کے باوجود ان کاعمل ناجائز اورحرام تھا۔
مقصد یہ ہے کہ صدقے کی نیت سے سود وصول کرنے کی اجازت نہیں، جیسا کہ توبہ کی نیت سے گناہ کی اجازت نہیں اور اس وجہ سے بدپرہیزی کرنا معقول نہیں کہ دوا موجود ہے۔








