بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم کی مالی اور ٹیکس معاملات پر 2 ہفتوں میں عبوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(ممتازنیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت قانونی اور عدالتی اصلاحات کے لیے خصوصی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ کمیٹی میں وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، سپریم کورٹ بار کے صدر شہزاد شوکت، پاکستان بار کونسل کے نمائندے احسن بھون، سابق وزیر قانون زاہد حامد، سینیئر قانون دان شاہد حامد اور اٹارنی جنرل منصور اعوان شامل ہیں۔ وزیراعظم نے کمیٹی کو عام آدمی کی سہولت کے لیے سِول اور فوجداری قوانین میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینے کی اور عدالتی اصلاحات کے لیے آئینی اور قانونی ترامیم کا پیکج تیار کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ خواہش ہے کہ لوگوں کو جلد اور آسانی سے انصاف فراہم ہو سکے۔ انہوں نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ ٹیکس کے معاملات کو عوام بالخصوص کاروباری طبقے کے لیے آسان بنایا جائے۔

وزیراعظم نے کمیٹی کو ٹیکس وصولیوں کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے قانونی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 2400 ارب روپے سے زائد کی ٹیکس وصولیوں کا عدالتوں اور ٹریبونلز کے احکام امتناعی کی وجہ سے زیر التواء ہونا تشویشناک ہے۔ وزیراعظم نے کمیٹی کو مالی اور ٹیکس معاملات پر 2 ہفتوں میں عبوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کمیٹی کی فراہم کردہ رپورٹ سیاسی اتحادیوں سے مشاورت کے بعد متعلقہ وزارتوں کو بھجوائی جائیں۔