کراچی: سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا ہے کہ سائفر ڈرامہ تھا، صرف ڈونلڈ لو نے ہی نہیں اسد مجید نے بھی بانی پی ٹی آئی کے دعوؤں کو مسترد کیا۔
اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سیاست بچانے کیلئے سائفر کا جھوٹا بیانیہ بنایا، بانی پی ٹی آئی نے سیاست بچانے کیلئے لابیسٹ ہائر کیے، پاکستان کا چہرہ مسخ کروانے کی کوشش کی۔
شرجیل میمن نے کہا کہ ڈونلڈ لو کے بیان کے دوران پی ٹی آئی کی نعرے بازی نے پوری دنیا میں پاکستان کا تمسخر بنایا، جو کانگریس ممبر فلسطینیوں کے نسل کشی کا حامی ہے وہ بانی پی ٹی آئی کا بھی حامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو تخت پر بٹھانے کیلئے دھاندلی تو 2018 سے پہلے شروع ہوچکی تھی، غیر اعلانیہ سینسر شپ 2018 میں ہونے والی دھاندلی کا ثبوت ہے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ 2018 میں حلقہ بندیوں میں بے قاعدگیاں ہوئیں، نتائج شفاف نہ ہونے کا اعتراف یورپی مبصرین نے بھی کیا، 2018 میں آر ٹی ایس متعارف کروانے کا مقصد پی ٹی آئی کو حکومت دلوانا تھا۔








