پنجاب اسمبلی بجٹ اجلاس کا آج تیسرا روز ہے۔ اجلاس کا وقت صبح 9 بجے دیا گیا تھا، اور وقت ہوتے ہی اجلاس شروع کرنے کیلئے گھنٹیاں بجائی گئیں تاہم جب گھنٹیاں بجیں اس وقت حکومتی یا اپوزیشن ارکان میں سے کوئی بھی ہال میں نہ پہنچ سکا تھا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بانی پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ لو کا عمران خان کے سائفر بیان کو جھوٹ کہنا نئی بات نہیں ہے، ان کا خاصہ جھوٹ بولنا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے اطراف سکیورٹی کے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں۔
سکیورٹی کے لئے پولیس کے 300 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔
اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اسپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ ڈونلڈ لو کا بانی پی ٹی آئی کے سائفر بیان کو جھوٹ کہنا نئی بات نہیں، بانی پی ٹی آئی کا خاصہ جھوٹ بولنا ہے، سائفر کو سیاسی رنگ دیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ اتنا بڑا جھوٹ زندگی میں نہیں سنا، حکومت، عدالت اور اعظم خان کہہ چکے ہیں کہ سائفر غلط ہے، جیب سے جعلی خط نکال کر لہرانا سیاسی رنگ تھا، سائفر مکمل جھوٹ تھا۔
ملک احمد خان نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیاست، ریاست اور معیشت کو خراب کیا گیا، انتخابی دھاندلی کے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں، انہوں نے 25 پٹیشنز دائر کیں، ان میں جو میٹریل سامنے آیا، اسےدھاندلی نہیں بے ضابطگی کہاجاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے ہنگامہ آرائی اور شور شرابا کیا گیا تھا۔
اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی اور شور شرابے کے باعث 10 منٹ کے لیے اجلاس ملتوی ہوا تھا۔
اجلاس کے دوران سنی اتحاد کونسل کے اراکین آپے سے باہر ہوگئے تھے اور ڈیسک بجا کر نعرے لگا رہے تھے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تصویر لہرانے پر حکومتی اراکین، اجلاس کا بائیکاٹ کرکے ایوان سے باہر چلے گئے تھے۔








