بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

الزامات کی بارش، عمران ریاض خان کی شاہد آفریدی پر کڑی تنقید

صحافی اور اینکر پرسن عمران ریاض خان نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

انہوں نے ایکس اکاؤنٹ پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ شاہد آفریدی کو قوم نے سر آنکھوں پر بٹھایا مگر انہوں نے ملک لوٹنے والوں سے لے کر مینڈیٹ چوری کرنے والوں تک کو مبارکبادیں دیں۔ لوگوں نے برادشت کیا مگر جب اپنی مقبولیت کی دھن میں مگن شاہد خان آفریدی نے پاکستان کے سب سے بڑے عوامی لیڈر پر کھل کر تنقید کرنا شروع کی تو لوگوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔

عمران ریاض نے کہا کہ پاکستان میں شاہد آفریدی کی طرح ان سے کم تر اور ان سے بہتر بہت سے اسٹارز موجود ہیں۔ جو آج بھی مختلف انداز میں خود کو عوام سے جوڑے ہوئے ہیں۔ ان سب کی بھی اپنی اپنی سیاسی سوچ ہے مگر ان میں سے کسی نے بھی عوام کی دل آزاری نہیں کی۔ مگر شاہد آفریدی کی نظریں شائد کسی اور ٹارگٹ پر مرکوز ہیں۔

عمران ریاض نے کہا کہ عہدوں کے حصول کے لیے عزت داؤ پر لگانا ایک ہیرو کو زیب نہیں دیتا۔ اگر بولنا ہی تھا تو شاہد آفریدی کو ظلم اور جبر کے خلاف بولنا چاہیئے تھا تاکہ جن لوگوں نے اسے پیار دیا انکی محبتوں کا حق ادا ہوتا مگر لالہ نے ہمیشہ غلط شارٹ کھیل کر خود کو آؤٹ کروانے کی روایت برقرار رکھی۔

خیال رہے کہ شہباز شریف کو وزیراعظم بننے کی مبارکباد دینا پی ٹی آئی کے حامیوں کو ایک آنکھ نہ بھایا اور انہوں نے شاہد آفریدی کے ریسٹورنٹ کی بائیکاٹ مہم کا آغاز کردیا۔