بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملک کو درپیش چیلنجزز سے نکالنے کے لیے 23 مارچ 1940 والے جذبے کی ضرورت ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(ممتازنیوز ) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یوم پاکستان کے موقع پرکہاکہ قرارداد پاکستان کی روشنی میں حاصل ہونے والا ملک مملکت خداد پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت کبریٰ ہے، آج کا دن بانیان پاکستان اور تحریک آزادی پاکستان کے لیے جدو جہد کرنے والے ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے، 23 مارچ کے دن منظور ہونے والی تاریخی قرارداد “قرارداد پاکستان” کی بنیاد پر برِصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ وطن حاصل کیا،آج کا دن ہمیں اپنے آباؤ اجداد کی جدو جہد اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کی وجہ سے آج ہم آزادی سے زندگی بسر کر رہے ہیں۔
ہفتہ کواپنے بیان میں سردار ایاز صادق نے کہاکہ پاکستان کا حصول ایک طویل جدو جہد، ایثار و قربانیوں اور اتحاد و اتفاق کی کہانی ہے جسے تاقیامت یاد رکھا جائے گا،یہ ملک تحریک پاکستان میں حصہ لینے والے ہیروز کی امانت ہے جس کی حفاظت ہم سب پر لازم و ملزوم ہے،آج کے اس عظیم دن اس عہد کو دہرانا ہے کہ وطن عزیز پر جب بھی کڑا وقت آیا، ہم کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے،ملک کا دفاع و ہم وطنوں کی خوشحالی ہی ہمارا مقصد ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے اتحاد و اتفاق سے جدو جہد جاری رکھیں گے۔ملک کو درپیش چیلنجزز سے نکالنے کے لیے 23 مارچ 1940 والے جذبے کی ضرورت ہے، ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو سیاسی اختلافات کو بھلا کر آگے بڑھنا ہو گا۔