بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

یوم پاکستان: مسلح افواج کی قوم کو مبارکباد

یوم پاکستان پر مسلح افواج کی جانب سے قوم کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی افواج قومی پرچم کو ہمیشہ سربلند رکھیں گی، ، آج کا دن ہمیں آزادی کی اہمیت اور قدرکی یاد دلاتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ دن مسلمانانِ برصغیرکی الگ وطن کے لیے کاوشوں، ہمارے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں اور جدوجہد کی یاد دلاتا ہے اور اس دن عظیم رہنماؤں کے وژن کے مطابق ہماری تقریر کا فیصلہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آج بھی بھارت اور خاص طور پر مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو مظالم کا سامنا ہے جبکہ بھارت میں مسلمانوں کی حالت زار ، ہمیں آزادی کی اہمیت اور قدر کی یاد دلاتی ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق ہم ہر روز اپنی آزادی کی قدر اور احترام کرتے ہیں۔ افواج، پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرتی ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی افواج قومی پرچم کو ہمیشہ سربلند رکھیں گی۔ افواج پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔

یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب میں صدر پاکستان آصف علی زرداری نے قوم کو مبارکباد دی، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم کی دوراندیش قیادت نے جدوجہد سے آزادریاست قائم کی ہے، عہد کرتے ہیں پاکستان کی ترقی، سلامتی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے، قوم مختلف نشیب وفراز سے گزری ہے۔ قیام پاکستان سے اب تک ملک مختلف نشیب وفرازسے گزار، پاکستان نے مشکلات کے باوجود مختلف شعبوں میں ترقی کے منازل طے کیے ہیں۔

صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان دفاعی اعتبارسے مضبوط ملک ہے، پاکستان کومختلف معاشی، سماجی، سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے، وطن کی حفاظت کے لیے جان نچھاور کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، بے روزگاری اورغربت جیسے بڑے چیلنجز ہیں۔

خوشی ہے انتخابی عمل کے بعد جمہوری حکومت قائم ہوچکی ہیں۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے تمام مشکلات کا مل کرحل نکالیں، ماضی کی طرح آج بھی پاکستان کوان چیلنجز سے نکال سکتے ہیں۔

پاکستان کی معیشت کے لیے ایس آئی ایف سی قائم کی گئی، ایس آئی ایف سی کے تحت مختلف شعبوں میں ترقی لائی جائے گی، امید ہے ایس آئی ایف سی کا منصوبہ معیشت کیلئےمثبت ثابت ہوگا۔

یوم پاکستان کی تقریب میں صدر پاکستان نے تقریب میں شرکت کرنے والے غیر ملکی ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین، سعودی عرب، یواےای، ترکیہ ودیگردوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں، مشکل کی گھڑی میں چین، سعودی عرب ودیگر ممالک نے ہماری مدد کی ہے۔

اس موقع پر سعودی وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیزالسعود نے پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ہے۔

صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، خطےمیں عدم استحکام کی وجہ کشمیر میں بھارتی مظالم ہیں ۔