بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دفاع مضبوط ہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں، صدر

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ماضی کی طرح آج بھی پاکستان کو چیلنجز سے نکال سکتے ہیں۔ تمام اسٹیک ہولڈرز وطن عزیز کی سلامتی، استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلیے مل کر کام کریں، پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔

یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان دفاعی اعتبار سے مضبوط ملک ہے، پاکستان کومختلف معاشی، سماجی، سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے، ملک میں بے روزگاری اورغربت جیسے بڑے چیلنجز ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کی دوراندیش قیادت نے جدوجہد سے آزاد ریاست قائم کی ہے، آج ہم عہد کرتے ہیں پاکستان کی ترقی، سلامتی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے۔

انھوں نے کہا کہ قوم مختلف نشیب و فراز سے گزری، قیام پاکستان سے اب تک ملک مختلف نشیب وفرازسے گزار، پاکستان نے مشکلات کے باوجود مختلف شعبوں میں ترقی کی منازل طے کیں۔

صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ وطن کی حفاظت کے لیے جان نچھاور کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

آصف زرداری نے کہا کہ خوشی ہے انتخابی عمل کے بعد جمہوری حکومت قائم ہوچکی ہے۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے تمام مشکلات کا مل کر حل نکالیں، ماضی کی طرح آج بھی پاکستان کو چیلنجز سے نکال سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ایس آئی ایف سی قائم کی جس کے تحت مختلف شعبوں میں ترقی لائی جائے گی، امید ہے ایس آئی ایف سی کا منصوبہ معیشت کیلئےمثبت ثابت ہوگا۔

صدر مملکت نے تقریب میں شرکت کرنے والے غیر ملکی ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین، سعودی عرب، یواےای، ترکیہ و دیگردوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں، مشکل کی گھڑی میں چین، سعودی عرب و دیگر ممالک نے ہماری مدد کی ہے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، خطےمیں عدم استحکام کی وجہ کشمیر میں بھارتی مظالم ہیں ۔