بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سعودی وزیر دفاع کی واپسی سے قبل وزیراعظم اور آرمی چیف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں

سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں شرکت کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں، اور جانے سے قبل انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں۔
سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کی یوم پاکستان میں شرکت کے بعد آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات ہوئی۔ سعودی عرب کے وزیر دفاع کا نور خان ائیر بیس پہنچنے پر پرتباک استقبال کیا گیا۔
شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے مسلح افواج کی مشترکہ یومِ پاکستان پریڈ میں بطور گیسٹ آف آنر خصوصی طور پرشرکت کی۔
تقریب میں آمد پر وزیر دفاع خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کا استقبال کیا۔شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے شاندار جوائنٹ سروسز پریڈ کا مشاہدہ بھی کیا۔
شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو ایوانِ صدر میں صدر پاکستان آصف علی زرداری نے نشانِ پاکستان کا اعزاز دیا۔
تقریب کے بعد شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں بالخصوص دفاع میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سعودی عرب کے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب اور پاکستان کے تاریخی اور مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں، سعودی عرب اور پاکستان ہمیشہ ایک دوسرے کے خیر خواہ رہے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دورے کی دعوت پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ معززمہمان نے بھی یوم پاکستان پریڈ میں بطور گیسٹ آف آنر مدعو کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔
پاکستان کے ایک روزہ کامیاب دورے کے بعد سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز وطن واپس روانہ ہوگئے، روانگی سے قبل نور خان ایئربیس پر آرمی چیف نے انہیں الوداع کیا۔
قبل ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے بھی سعودی عرب کے وزیر دفاع کی ملاقات ہوئی۔ جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
ملاقات میں دو طرفہ امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی جبکہ علاقائی امن و سلامتی اور خطے کی سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان دفاع ، سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین سلمان بن عبدالعزیز آل سعود ، سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور سعودی وزیر دفاع سے گفتگو میں کہا کہ ہم آپ کے بڑے بھائی سعودی ولی عہد عزت مآب جناب محمد بن سلمان کے پاکستان کے دورے کا انتظار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ گہرے برادرانہ تعلقات ہیں جو کہ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میرے بطور وزیراعظم پچھلے دور میں سعودی عرب نے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کے لئے کلیدی کردار ادا کیا، وزیر اعظم نے پاکستان کے سب سے بڑے سول ایوارڈ ”نشان پاکستان“ ملنے پر بھی سعودی وزیر دفاع کو مبارکباد پیش کی جبکہ سعودی وزیر دفاع کی وزیر اعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے کہا کہ یوم پاکستان کی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے کا پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آج کی پریڈ میں پاکستان کی افواج کی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔

انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے حالیہ دورہ سعودی عرب سے دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا اور اس سے دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

وزیراعظم نے یوم پاکستان کی پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت پر سعودی وزیر دفاع کا شکریہ ادا کیا۔