گوادر(ممتازنیوز)پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ (پی سی ٹی اینڈ وی آئی) نے گوادر میں ہوٹل مینجمنٹ کے طلباء کی پہلی کھیپ کے لئے دو ماہ کی انٹرن شپ کامیابی سے شروع کردی ہے۔گوادر پرو کے مطابق علمی اور عملی اطلاق کے درمیان فرق کو کم کرنے کے لئے طلباء گوادر کے دو معروف ہوٹلوں “پرل کانٹی نینٹل ہوٹل (پی سی)” اور “چائنا بزنس سینٹر” (سی بی سی) میں تربیت حاصل کریں گے۔ ہوٹل مینجمنٹ کی صنعت کے ان اداروں نے ہمارے ابھرتے ہوئے ہوٹل مالکان کے لئے اپنے دروازے کھول دیئے ہیں ، اور انہیں مشاہدہ کرنے ، سیکھنے اور ترقی کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔پی سی ٹی اور وی آئی کے عہدیدار نے گوادر پرو کو بتایا کہ ہوٹل مینجمنٹ کے انسٹرکٹر مطسام اقبال کی رہنمائی میں طلباء نے ہوٹل مینجمنٹ کی صنعت میں براہ راست تجربہ حاصل کرنے کے سفر کا آغاز کیا ہے۔ یہ انٹرن شپ پروگرام پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے۔ طلباء کو ہوٹل مینجمنٹ کی صنعت میں ہاؤس کیپنگ ، فرنٹ آفس آپریشنز ، فوڈ اینڈ بیوریج سروس اور کھانا پکانے کے فنون مختلف شعبوں سے روشناس کرایا جائے گا ۔ یہ جامع نقطہ نظر ہوٹل مینجمنٹ کے اصولوں اور طریقوں کی جامع تفہیم کو یقینی بناتا ہے۔گوادر پرو کے مطابق چائنیز گرانٹ کی مدد سے پی سی ٹی وی آئی کو ایک کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا۔ اسے چینی حکومت نے ستمبر 2021 میں جی پی اے کے حوالے کیا تھا جس کا مقصد گوادر کے نوجوانوں کو گوادر بندرگاہ، فری زونز، اسمارٹ سٹی، نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور تجارت، سمندری صنعت، مارکیٹ پر مبنی کاروبار، جدید ماہی گیری کے طریقوں سے متعلق سی پیک کے دیگر منصوبوں کی تربیت، تیاری,رئیل اسٹیٹ، سیاحت، تعمیرات اور ہوٹل مینجمنٹ اور دیگر متعلقہ صنعتوں اور ہنر مندی سے لیس کرنا تھا۔ یہ پی سی ٹی وی آئی کل 7،350 مربع میٹر پر محیط ہے جس میں تدریسی عمارتیں، تربیتی ورکشاپس، ملٹی فنکشن ہالز اور طلباء اور فیکلٹی کے لئے ہاسٹل شامل ہیں۔
پی سی ٹی اور وی آئی کا گوادر میں 2 ماہ کی ہوٹل مینجمنٹ انٹرن شپ کا آغاز








