بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چین کے ساتھ رابطے میں ہیں، مل کر کام کرتے رہیں گے: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد(نیوزڈیسک)ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بشام حملہ میں ملوث لوگ ملک دشمن ہیں اور یہ لوگ پاکستان اور چین کی دوستی کے دشمن ہیں، پاکستان حکومت چین کے ساتھ رابطے میں ہے۔ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ 26 مارچ کو بشام میں ہونے والے واقعے میں 5 چینی باشندے مارے گئے، واقعے کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں، ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کو جلد پکڑ لیں گے اور سزا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کرتا ہے، پاکستان اور چین کی دوستی بہت گہری ہے، اس طرح کے واقعات اور حالات پیدا کرکے دونوں ممالک کی دوستی خراب نہیں کی جاسکتی۔ دونوں ممالک اسی طرح بہمی تعاون کے ساتھ خطے کی بہتری کے لیے کام کرتے رہیں گے۔
انہوں نے افغانستان اور پاکستان کے تعلقات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری کامرس خرم آغا افغانستان کے دورے پر ہیں، وہاں انہوں نے وفاقی وزیر برائے تجارت نورالدین عزیزی سے ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت، باہمی تعلقات، خطے میں امن اور دیگر امور پر بات چیت کی ہے۔
’افغانستان کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے لیے اپنی کوششوں کو جاری رکھیں گے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی قرارداد کے باوجود اسرائیل ابھی بھی فلسطین میں بے گناہ لوگوں کو قتل کررہا ہے، رفح اور غزہ کی پٹی میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پاکستان اسرائیل کے دہشتگردانہ اور ظالمانہ رویے کی مذمت کرتا ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان مطالبہ کرتا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے پیش نظر اسرائیل اور فلسطین کے تنازعے کو حل کیا جائے۔