پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں نے کاکول اکیڈمی میں آرمی ٹرینر کی زیر نگرانی ٹریننگ شروع کردی ہے ، جہاں کرکٹرز کی فٹنس کو مزید بہتر بنانے کےلیےمختلف ڈریلز کرائی جارہی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق کاکول کیمپ کا پہلا روز قومی کھلاڑیوں کے لیے سخت ثابت ہوا جبکہ پاکستانی کرکٹرز کی دوسرے روز بھی ٹریننگ جاری ہے۔
افطار سے قبل کھلاڑیوں کی فیزیکل ٹریننگ کا پہلا مرحلہ مکمل ہوا،کھلاڑیوں نے ڈھائی گھنٹے پر مشتمل فیزیکل ٹریننگ سیشن کیا۔
روزےدار کھلاڑیوں نے بھی یکساں فیزیکل ٹریننگ میں شرکت کی، کھلاڑیوں کے درمیان آج رسہ کشائی کا کھیل بھی کھیلا گیا۔
فیزیکل ٹریننگ کا آج دوسرا مرحلہ افطار کے بعد شروع ہوا جوکہ تین گھنٹے پر مشتمل ہوگا۔
ٹریننگ کے باعث بیشتر کھلاڑیوں کو گزشتہ رات سخت تھکاوٹ محسوس ہوئی، چند کھلاڑیوں نے نماز عشاء کرسی پر بیٹھ کر ادا کی۔
پہلے روز کھلاڑیوں نے دو کلومیٹر دوڑ لگائی جبکہ جم سیشن کے دوران کھلاڑیوں کی 5 مختلف فیزیکل ٹریننگ ہوئی، جس کے بعد کاکول کیمپ کے دوسرے روز بیشتر کھلاڑی تاخیر سے جاگے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا آرمی کے تعاون سے قومی کھلاڑیوں کا فٹنس کیمپ ایبٹ آباد کی کاکول اکیڈمی میں لگایا گیا ہے جو کہ 8 اپریل تک جاری رہے گا۔کیمپ میں پی سی بی نے 29 کھلاڑیوں کو طلب کیاہو اہے۔









