بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فروری میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہوگیا، وزیر خزانہ

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ فروری میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہوگیا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم 2024 میں پچھلے سال کے مقابلے اس سال پہلے سے بہتر نوٹ پر داخل ہوئے ہیں، اس میں جی ڈی پی کے کچھ عناصر شامل ہیں، اس کے علاوہ زراعت نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے ہمارے پاس گندم اورچاول کی اچھی فصل ہوئی ہے اور اس سے برآمدی اور درآمدی متبادل دونوں میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کرنٹ اکاؤنٹ میں نمایاں کمی آئی ہے بلکہ فروری میں یہ سرپلس ہوگیا، شرح مبادلہ مستحکم رہی مہنگائی بھی 38 فیصد سے 23 فیصد تک کم ہوگئی۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ بہترمعاشی پالیسیوں کی بدولت جلد معیشت مستحکم ہوگی، خوشی ہےکہ اس وقت مارکیٹ آیا ہوں جب مارکیٹ ریکارڈ بنارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کچھ روز پہلے اسٹاف لیول معاہدے پر دستخط کیے جو میکرو اکنامک استحکام کو یقینی بنانے کے لیے انتہائی اہم تھا اوراسی کو مدنظر رکھتے وہئے ہم نے آئی ایم ایف سے ایل طویل مدتی پروگرام میں داخل ہونے کی درخواست کی اور اس بات پر آئی ایم ایف نے مثبت ردعمل دیا، ہمارے 14 اور 15 اپریل کو آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات ہوں گے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاملات دیکھ کرلگ رہا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ درست سمت میں جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نگران حکومت نےمعیشت کی بہتری کے لیے مثبت اقدامات کیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ توسیعی فنڈ کی سہولت (ای ایف ایف) کی ضرورت اسٹرکچرل ریفارمز ایجنڈے کے نفاذ کے لیے ہے، یہاں نفاذ ایک آپریٹو لفظ ہے، ہمیں اس حوالے سے معلوم ہے لیکن ہم نفاذ نہیں کرتے، تو ضرورت ہے کہ ہم نفاذ کے عمل میں فوری داخل ہوجائے اور ہم پچھلے کچھ ہفتوں میں اس میں داخل ہو بھی گئے ہیں۔