بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں ججز کے خط پربحث کیلئے تحریک التوا جمع کرادی

اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی میں ججزکے خط پربحث کیلئے تحریک التوا جمع کرادی۔
تحریک التوا کے متن کے مطابق قومی اجلاس میں معمول کی کارروائی روک پر ججز خط پر بحث کی جائے۔
متن میں کہا گیا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کو خط میں عدلیہ کے امور میں مداخلت کا ذکر ہے، آزاد عدلیہ آئین کی بالادستی کیلئے ضروری ہے۔
تحریک التوا کے مطابق بانی پی ٹی آئی عدلیہ میں اس مداخلت کے سبب جیل میں ہیں لہٰذا ایوان اس معاملے کی شفاف جوڈیشل انکوائری یقینی بنائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز نے سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھ کر مطالبہ کیا تھا کہ ہم جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی کے تحقیقات کرانے کے مؤقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اگر عدلیہ کی آزادی میں مداخلت ہو رہی تھی تو عدلیہ کی آزادی کو انڈرمائن کرنے والے کون تھے؟ ان کی معاونت کس نے کی؟ سب کو جوابدہ کیا جائے تاکہ یہ عمل دہرایا نہ جا سکے، ججز کے کوڈ آف کنڈکٹ میں کوئی رہنمائی نہیں کہ ایسی صورتحال کو کیسے رپورٹ کریں۔
اس معاملے پر سپریم کورٹ کے 2فل کورٹ اجلاس ہوئے تھے جبکہ چیف جسٹس اور وزیراعظم کی ملاقات بھی ہوئی تھی جس کے بعد حکومت نے عدالتی کمیشن بنانے کا اعلان کیا۔