بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سزا یافتہ قیدی کے دستخطوں کے ساتھ تحریری معاہدہ قانون کا کھلا مذاق ہے: سینیٹر عرفان صدیقی

اسلام آباد (ویب ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے دباؤ پر اڈیالہ جیل کے سپرنٹینڈنٹ اور پی-ٹی- آئی کے بانی عمران خان کے درمیان طے پانے والا تحریری معاہدہ آئین، قانون، ضابطوں اور جیل مینوئل کا کھلا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ جیل انتظامیہ اور کسی سزا یافتہ قیدی کے درمیان اس طرح کے تحریری معاہدے کی نظیر شاید ہی ملتی ہو کہ ایک سرکاری اہلکار کے ساتھ سزا یافتہ قیدی کے دستخطوں سے معاہدہ طے پایا ہو۔ ذوالفقار علی بھٹو، آصف علی زرداری، بے نظیر بھٹو، نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، یوسف رضا گیلانی سمیت بیسیوں نامور سیاسی رہنما جیلوں میں رہے لیکن کسی کے ساتھ اس طرح کے تحریری معاہدوں کی مثال نہیں ملتی حالانکہ ان میں سے کوئی بھی عمران خان جیسے مقدمات میں سزا یافتہ نہیں تھا۔ اسلام آباد سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ معاہدے میں بتایا گیا ہے کہ ایسا اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں کیا جا رہا ہے۔ سینیٹر صدیقی نے کہا کہ اگر ہائی کورٹ کی ہدایات پر سزا یافتہ قیدی کو یہ حق دیا جا سکتا ہے کہ وہ اپنے ملاقاتیوں کی تعداد، دنوں اور وقت کا تعین کرے اور رابطہ کار مقرر کرے تو یہ حق اڈیالہ جیل کے پانچ ہزار کے لگ بھگ اور ملک بھر کی جیلوں میں بند 90 ہزار قیدیوں کو کیوں نہیں دیا جا سکتا؟