اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف سے وکلا رہنماؤں کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ ، وفاقی وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ ، اٹارنی جنرل اشتر اوصاف بھی شامل تھے۔ وکلا رہنماؤں کے وفد میں صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن احسن بھون، سربراہ پاکستان بار کونسل حفیظ الرحمان ، صدر لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اکبر ڈوگر، سربراہ پنجا ب بار کونسل جعفر طیار، سربراہ اسلام آباد بار کونسل قمر سبزواری ، سید قلب حسن امجد شاہ ،مسعود چشتی ، عابد ساقی اور دیگرشامل تھے۔وزیر اعظم نے وکلا برادری کے سینئر منتخب رہنماؤں کے حکومت پر اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وکلا ملک کا عظیم اثاثہ ہیں، حکومت وکلا کے پیشہ وارانہ امور کی انجام دہی میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔ وزیر اعظم نے وزیر قانون کو ہدایت کی وکلا پروٹیکشن ایکٹ اور بار کونسل ایکٹ میں ترامیم پر فوری کام شروع کیا جائے۔ وکلا رہنماؤں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو عہدہ سمبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وکلا برادری جمہوری اداروں کی مضبوطی کے لیے کردار ادا کرتی آئی ہے اور آئندہ بھی کرے گی ۔ وکلا رہنماؤں نے آئینی بحران کے حل میں عدلیہ کے کردار کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ حکومت عوام کی توقعات کے مطابق معیشت کو سنبھالے گی۔
وزیر اعظم کی وکلا پروٹیکشن ،بار کونسل ایکٹ میں ترامیم پر فوری کام شروع کرنے کی ہدایت








