بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صدر مملکت کا روس کے ساتھ ثقافتی شعبے میں تعاون پر زور

اسلام آباد(نیوزڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ خوریو نے ملاقات کی ۔
اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ روس کے ساتھ توانائی اور بارٹر تجارت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کے خواہاں ہیں ، روس پاکستان کے ساتھ تجارت کے فروغ کیلئے روسی بنکوں کو پاکستان میں آپریشن شروع کرنے کی ترغیب دے،
صدر مملکت نے روس کے ساتھ ثقافتی شعبے بالخصوص ٹی وی اور فلمز میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا۔
صدر مملکت آصف زرداری نے سفیر کو روسی صدر کیلئے دوبارہ منتخب ہونےپر مبارکباد، نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ امید ہے کہ صدر پیوٹن کی قیادت میں روس تیز تر معاشی ترقی کرے گا، عالمی امن کو فروغ حاصل ہوگا،
صدر مملکت نے ماسکو میں 22 مارچ کے دہشت گرد حملے میں 130 معصوم جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔
روسی سفیر نے کہا کہ روس پاکستان کی معاشی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کا خواہشمند ہے ، دونوں ممالک مشترکہ امور بشمول انسدادِ دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ پر تعاون کررہے ہیں، روسی سفیر کا کہنا تھا کہ روس پاکستان کے ساتھ موجودہ تجارتی حجم کو دو گنا کرنا چاہتا ہے ،
روسی سفیر نےماسکو میں 22 مارچ کے دہشت گرد حملے کی مذمت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
روسی سفیر نے صدر آصف علی زرداری کو صدر پاکستان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباددی۔