بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی رہنماؤں کی عمران خان سے ملاقات، عید کے بعد جلسوں کا اعلان

اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے سابق وزیراعظم عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اور پی ٹی آئی رہنماؤں نے عید کے بعد جلسوں کا اعلان کردیا۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمرایوب نے کہا کہ آج ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے چرائے ہوئے مینڈیٹ کے لیے جدوجہد جاری رکھنی ہے، عمران خان نے زور دیا ہم عدلیہ کے ساتھ کھڑے تھے اور رہیں گے۔
عمر ایوب نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے کھانے میں زہر ملایا گیا تھا، بشریٰ بی بی کا چیک اپ ہونے جارہا ہے، بشریٰ بی بی بانی پی ٹی آئی کی کمزوری نہیں طاقت ہے۔
اس موقع پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ عید کے بعد بھرپور تحریک چلائیں گے، پورے پاکستان میں جلسوں کا شیڈول دیا جائے گا، ججز کو دھمکیاں ملنے پر تشویش ہے۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ 12 اپریل کو ملک بھر میں جلسوں کااعلان کریں گے، ان لوگوں نے پاکستان کو بنانا ری پبلک بنادیا ہے، ہمارا گرینڈالائنس بناہے،جلسے بھی ہوں گے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ہم نے عدالتوں میں جدوجہد کرنا ہے، فارم 45 اور فارم 47 والے لوگوں میں فرق کرنا ہوگا، عوام نے تحریک انصاف کو بھرپور میںڈیٹ دیا جو چرالیا گیا، ملک کسی افراتفری کوبرداشت نہیں کرسکتا، پہلا جلسہ پشین میں ہوگا۔
پی ٹی آئی رہنماوں کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 7 رہنماوں کو سابق وزیراعظم عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت دے دی گئی۔
پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایوب، شبلی فراز، رؤف حسن اور اسد قیصر کو ملاقات کی اجازت دی گئی، اس کے علاوہ سینیٹر سیف اللہ نیازی، سابق گورنرشاہ فرمان، عون بپی کو بھی ملاقات کی اجازت دی گئی۔
اجازت ملنے پر پی ٹی آئی رہنماء اڈیالہ جیل کے اندر روانہ ہو گئے جبکہ صاحبزادہ محبوب سلطان، حمید سلطان، مزمل اسلم، نادیہ خٹک، سلمان آفتاب اور خالد خورشید کو ملاقات کی اجازت نہ ملی۔
پولیس اہلکاروں نے اسد قیصر کی گاڑی ایک کلو میٹر پہلے روک دی
پولیس اہلکاروں نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی گاڑی جیل دروازے سے ایک کلو میٹر پہلے روک دی۔
پولیس اہلکاروں نے اسد قیصر کو جیل کے مرکزی دروازے تک پیدل جانے کی ہدایت کردی۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملاقاتوں پر پابندی نہیں ہونی چاہئے، اس طرح کا رویہ نا قابل فہم ہے، یہ بتایا جائے کس قانون کے تحت ہمیں روکا جارہا ہے، ہم نے دو تین مرتبہ عدالتوں سے اجازت لی ہے دیکھتے ہیں آج ملاقات ہوتی ہے یا نہیں۔
اسد قیصر نے کہا کہ ججزکو موصول ہونے والے خطوط کی مذمت کرتے ہیں، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ججز کو تحفظ فراہم کرے، تحقیقات کی جائیں کہ ججز کو خط کون بھجوا رہا ہے اور کون بلیک میل کر رہا ہے۔