بلوچستان میں آسمانی بجلی گرنے کے باعث 2 بچے جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا، محکمہ موسمیات نے صوبے میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ’ریڈیو پاکستان‘ کی رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کے علاوہ پشین، مسلم باغ اور زیارت سمیت دیگر علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، سبی، اور جھل مگسی میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔
چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، لورالائی اور قلات میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی، علاوہ ازیں تربت، ہرنائی، نصیر آباد، جعفرآباد، چاغی، پنجگور، گوادر اور کیچ میں بھی بارش کا امکان ہے۔
کوئٹہ میں آج شدید بارش کے بعد نشیبی علاقے زیرآب آگئے، مٹی کے طوفان نے قلات میں بھی تباہی مچا دی، جس سے علاقے میں حدِ نگاہ بھی متاثر رہی۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈائریکٹر جنرل جہانزیب خان کی جانب سے شیئر کی گئی اپ ڈیٹ میں بتایا گیا کہ ضلع سوراب میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا جبکہ چمن، چاغی، نوشکی، سوراب، خضدار، کوئٹہ اور گردونواح میں بارش ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے اپنے ضلعی سطح کے ہم منصبوں اور دیگر متعلقہ محکموں سے رابطے میں ہے۔







