بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

آپریشن رجیم میں سعودی عرب کا کوئی کردار نہیں، عمران خان

اسلام آباد(نیوزڈیسک)تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے کہا ہے کہ عمران خان نے بیان دیا ہے کہ آپریشن رجیم میں سعودی عرب کا کوئی کردار نہیں۔
یہ بات پی ٹی آئی رہنماؤں نے عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ سیاسی مشاورت ہوئی شبلی فراز سینٹ میں لیڈر آف اپوزیشن ہوں گے، ان کے کاغذات آج جمع کروادیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کی طرف سے آنے والے بیان سے متعلق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے، انہوں نے کہا ہے کہ آپریشن رجیم میں سعودی عرب کا کوئی کردار نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ 6 جماعتی اجلاس 29 اپریل کو ہوگا جس میں جلسوں اور جلوسوں کا آغاز پنجاب سے کریں گے۔
پی ٹی آئی کے رہنما حسن رؤف نے کہا کہ ہماری جیت ہوچکی ہے اور دشمن ہار چکے ہیں، یہ آخری مرحلہ ہے، عنقریب عمران خان جیل سے باہر ہوں گے اور ملک کے وزیراعظم بنیں گے۔
واضح رہے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے ایک نجی ٹی وی پر اینکر غریدہ فاروقی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ عمران خان کی حکومت کے خاتمے یا ’رجیم چینج میں امریکہ کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کا بھی ہاتھ تھا‘۔ انھوں نے سعودی عرب کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے عزم کو بھی اسی سلسلے کی کڑی قرار دیا ہے۔
اس موقع پر میزبان کے ایک سوال کے جواب میں شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ’جو بائیڈن یہ چاہتے تھے اور سعودی عرب ہمیشہ سے ان کا بغل بچہ رہا ہے اور انھی کے اشاروں پر خطے میں ان کے مقاصد کو پورا کرتا ہے۔‘
یاد رہے یہ الزام ایک ایسے وقت میں لگایا گیا ہے جب سعودی عرب کے وزیرِخارجہ پاکستان کے دو روزہ دورے پر آئے ہوئے تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے مطابق ’سعودی وفد کے دورے کے نتیجے میں پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔‘