بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کراچی: غیرملکی شہریوں کی گاڑی کے قریب ’خودکش‘ دھماکا، 2 افراد ہلاک

کراچی(ویب ڈیسک)کراچی کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکی شہریوں کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 2 سیکیورٹی گارڈ سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈی آئی جی ایسٹ اصفر مہسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’آج (جمعے کی) صبح جاپانی شہریوں کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، اس گاڑی کے پیچھے ایک خودکش حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھا۔‘

ان کے مطابق ’جائے وقوعہ سے ایک ایس ایم جی (شارٹ مشین گن) اور ہینڈگرنیڈ والا بیگ بھی برآمد ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق ’ابتدائی طور پر لگتا ہے دہشت گردوں کی تعداد 2 تھی، پہلا حملہ خودکش تھا جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ کیا گیا ہے۔‘

ڈی جی آئی جی نے بتایا کہ دوسرے دہشت گرد نے گاڑی پر فائرنگ کی، غیرملکیوں کےہمراہ موجودسیکیورٹی گارڈ نےدہشت گرد سےمقابلہ کیا، قریب ہی موجد پولیس دھماکے کی آواز سن کرپہنچی، شرافی گوٹھ تھانےکے اہلکاروں نے بھی دہشت گردسےمقابلہ کیا۔’

انہوں نے بتایا کہ خودکش حملہ آوور کا سر اور کچھ اعضا ملےہیں، ابھی تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ خطرہ موجود تھا کہ غیر ملکی شہریوں کو نشانہ بنایا جائے اسی سلسلے میں اجلاس بھی منعقد ہوئے تھے، سیکیورٹی تھریٹ کے باعث پولیس بھی الرٹ تھی۔

قبل ازیں آئی سندھ کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد نے ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے قریب 5 جاپانی شہری ہائی روف میں سفر کر رہے تھے۔

ڈی آئی جی ایسٹ کے مطابق غیر ملکی جس گاڑی میں سفر کر رہے تھے وہ بلٹ پروف تھی، تمام غیر ملکیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جاچکا ہے۔

دوسری جانب ایس ایس پی ملیر طارق الہیٰ نے بتایا کہ تمام غیر ملکی شہری ایکسپورٹ پروسیسنگ زون جارہے تھے، غیر ملکی شہری روزانہ یہاں سے گزرتے تھے، 3 حملہ آور تھے، جن میں 2 ہلاک ہوگئے اور ایک فرار ہوگیا۔

ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑایا، دوسرا دہشت گرد پولیس مقابلے میں مارا گیا۔

چھیپا ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت نہیں ہوسکی البتہ زخمی ہونے والوں میں 45 سالہ نور محمد ولد محمد صدیق، 45 سالہ لنگر خان ولد ساون خان اور 25 سالہ سلمان ولد صادق مسیح شامل ہیں۔

مذمت
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے لانڈھی میں خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے سی پی او اور آئی جی سندھ سے حملے کی رپورٹ طلب کرلی۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، واقعے کے محرقات کا پتہ لگایا جائے اور ماسٹر مائینڈ تک پہنچا جائے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 26 مارچ کو خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

حملہ آوروں کی بارود سے بھری گاڑی مسافروں کی گاڑی سے ٹکرائی، گاڑی پر حملے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے، گاڑی اسلام آباد سے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے داسو میں اپنے کیمپ کی جانب جارہی تھی۔

دہشت گردی میں اضافہ
واضح رہے کہ 2022 میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ ختم کیے جانے کے بعد سے پاکستان میں دہشت گردی میں اضافہ دیکھا گیا ہے ملک میں 2 سال کے دوران دہشت گردی کے 1560 واقعات ہوئے۔

جنوری میں وزارت داخلہ نے مئی 2022 سے اگست 2023 تک ملک میں دہشت گردی کے ہونے والے واقعات کی تحریری تفصیلات سینیٹ میں پیش کیں جن کے مطابق ملک میں 2 سال کے دوران دہشت گردی کے 1560 واقعات ہوئے، اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعلق رکھنے والے 593 اور 263 شہری شہید ہوئے۔

مزید بتایا گیا کہ دہشت گردی کے واقعات میں سیکیورٹی فورسز کے 1365 اہلکار اور 773 دیگر افراد زخمی ہوئے۔

وزارت داخلہ کی جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق سال 2022 میں دہشت گردی کے 736 واقعات ہوئے، جس کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کے 227 اہلکار اور 97 دیگر شہید ہوئے، جبکہ 520 اہلکاروں کے علاوہ 401 دیگر افراد زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق یکم اگست 2023 میں ملک میں دہشت گردی کے 824 واقعات ہوئے، جس میں سیکیورٹی فورسز کے 366 اہلکار اور 166 دیگر افراد شہید ہوئے، جبکہ 845 اہلکار اور 372 دیگر افراد زخمی ہوئے۔