بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جسٹس ہاشم خان کاکڑ نے چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

جسٹس ہاشم خان کاکڑ نے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان نے جسٹس ہاشم خان کاکڑ سے حلف لیا۔

حلف برداری تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزرا، ہائی کورٹ کے ججز اور سینئر وکلا نے شرکت کی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان ہائی کورٹ کے لیے چیف جسٹس ہاشم خان کاکڑ کے نام کی منظوری دی تھی۔

جسٹس محمد ہاشم کاکڑ 18 ستمبر 1963 کو پیدا ہوئے، انہوں نے پرائمری اور سیکنڈری تعلیم گورنمنٹ مڈل اسکول کلی کوتوال اور مسلم آباد ہائی اسکول کوئٹہ سے مکمل کی، جبکہ 1988 میں بلوچستان یونیورسٹی سے پولیٹیکل سائنس میں ماسٹرز کیا اور 1988 میں یونیورسٹی لا کالج کوئٹہ سے ایل ایل بی کی تعلیم حاصل کی۔

جسٹس محمد ہاشم کاکڑ مارچ 1990 نے وکالت شروع کی، اس کے بعد مارچ 1992 کو ہائی کورٹ کے وکیل بنے، انہوں نے 23 سال تک ماتحت اور بلوچستان ہائی کورٹ میں وکالت کی۔

جسٹس محمد ہاشم کاکڑ 2002 سے 2004 تک کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج رہے۔

انہوں نے بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے سیکریٹری خزانہ اور نائب صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں، اور بلوچستان بار کونسل کے نائب چیئرمین بھی رہے۔

محمد ہاشم کاکڑ کو 2011 میں بلوچستان ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج کے طور پر ترقی دی گئی، بعد ازاں 2012 میں بلوچستان ہائی کورٹ کے مستقل جج کے عہدے پر فائز ہوئے۔

جسٹس محمد ہاشم کاکڑ نے 11 مارچ 2024 کو بلوچستان ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔