لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پی پی 209خانیوال سے مسلم لیگ (ن) کےمنحرف رکن فیصل نیازی نے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔فیصل نیازی نے اتوار کو اپنا استعفیٰ سپیکرصوبائی اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کو پیش کیا۔ فیصل نیازی کا کہنا تھا کہ خوشی اور ہوش و حواس میں استعفیٰ دے رہا ہوں ،(ن) لیگ کی سیاست سے اب کوئی تعلق نہیں ہے،راستے جدا کرلئے ہیں۔اس موقع پر سپیکر پرویزالٰہی نے کہاکہ یہ ابھی پہلا استعفیٰ ہے،آنے والے دنوں میں مزید استعفے آئیں گے جس سے پتہ چل جائے گا کہ کون کس کے ساتھ کھڑاہے۔ذرائع کے مطابق اگر پی پی 209 کی خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب ہوتا ہے فیصل نیازی پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں۔واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی میں (ن)لیگ کے منحرف ارکان کی تعداد پانچ ہے جن میں مخصوص نشست پر منتخب ایک خاتون بھی شامل ہےجوملک سے باہر ہے،دیگر منحرف ارکان کے علاوہ اگر (ن)لیگ کے ارکان مستعفی ہوتے ہیں تو وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کے لئے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔
حمزہ شہبازکیلئے خطرے کے گھنٹی ، منحرف ن لیگی ایم پی اے فیصل نیازی نے استعفیٰ دیدیا








