بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

گندم خریداری بحران پر احتجاج، دو اہم کسان رہنما گرفتار، آج پنجاب اسمبلی پردھرنا

گندم خریداری کا بحران حل نہ ہوسکا، احتجاج کرنے والے کسانوں کی گرفتاریاں شروع کردی گئیں۔ دو اہم کسان رہنما گرفتار کرلیے گئے ہیں۔ چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین نے آج پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنے کا اعلان کررکھا ہے۔

دھرنے سے قبل ترجمان کسان اتحاد نے کہا کہ پنجاب حکومت بوکھلا گئی، کسانوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا گیا۔

انھوں نے بتایا کہ کسان اتحاد کے متعدد عہدیداروں کو گھروں سے گرفتار کر لیا گیا، عارف والا میں مرکزی نائب صدر صابر نیاز کمبوہ کو گھر سے گرفتار کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق کسان بورڈ پنجاب کے سربراہ میاں عبدالرشید کو بھی لاہور سے گرفتار کرلیا گیا جس کی تصدیق کسان بورڈ پاکستان نے کی۔

کسان اتحاد کے ترجمان کہنا تھا کہ کسانوں کے ساتھ ظلم و بربریت کے خلاف کسان سراپا احتجاج ہیں، پنجاب حکومت کی ہدایت پر رات گئے پولیس کی طرف سے گرفتاریاں کی گئیں۔

کسانوں کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کسانوں کے ساتھ ظلم و بربریت ہو رہی ہے۔

کسانوں کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں نے کسانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ گندم کی فصل خراب ہونے کا خدشہ ہے، اگر یہی حال رہا تو آئندہ فصلیں کاشت کرنا مشکل ہوجائیں گی۔