بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

صدر مملکت سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کی ملاقات،آزادکشمیرکی مجموعی صورتحال پرتبادلہ خیال

اسلام آباد(ممتازنیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم انوار الحق نے ملاقات کی،ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کی مجموعی صورتحال ، ترقی سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی،ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پیرکوصدر مملکت نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آزاد جموں و کشمیر میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، سیاحوں کو راغب کرنے کیلئے آزاد جموں و کشمیر کے شعبہ سیاحت کو بھرپور صلاحیت تک ترقی دینے کی ضرورت ہے ،آزاد جموں و کشمیر میں سیاحت سے سماجی و اقتصادی ترقی ، معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں مدد ملے گی ، پاکستان آزاد جموں و کشمیر کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔
صدرمملکت نے کہاکہ آزاد جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو جدید ترین ہنر اور تعلیم سے آراستہ کرنے کی ضرورت ہے ، ہنرمند نوجوان آزاد جموں و کشمیر کی ترقی میں اپنا کردار کریں گے ، پاکستان کاربن کریڈٹ مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے میں آزاد جموں و کشمیر حکومت کی مدد کر سکتا ہے،صدر مملکت نے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم اور ان کی حکومت کو اپنی حمایت کا یقین دلایا،وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے صدر مملکت کو آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کرنے ، قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرنے کی دعوت دی۔

صدر مملکت نے آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارشوں سے متعلقہ واقعات کے دوران قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ امید ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کی حکومت متاثرہ خاندانوں کی مدد کرے گی،صدر مملکت نے حق خودارادیت کے حصول تک مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر مملکت نےمقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہعالمی برادری بھارت پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے کیلئے دباؤ ڈالے ۔