بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مقتدر حلقوں کا قومی سلامتی کمیٹی کے ممکنہ اجلاس میں شرکت سے صاف انکار

اسلام آباد (نجیب ملک)مقتدر حلقوں نے وزیراعظم شہبازشریف کی سربراہی میں اتحادی حکومت کو اہم معاشی فیصلوں کیلئے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلائے جانے کی صورت میں شرکت سے صاف انکار کر دیا ۔
آئی ایم ایف کے معاملات اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں نہ ہی کسی معاملہ پر ضمانت دے سکتے ہیں ، معاملات نہیں چلا سکتے تو ملک میں فوری انتخابات کا اعلان کریں، اتوار کو سابق وزیراعظم عمران خان کی طرف سے 25مئی کو لانگ مارچ کی کال اور شہبازشریف حکومت کے معاملات پر نجی ٹی وی اور سینئر اینکر نے دعویٰ کیا کہ25مئی کو عمران خان کی کال پر لانگ مارچ شروع ہونے سے پہلے ہی ان کے مطالبات تسلیم ہو جائیں گے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق اسٹیبلشمنٹ نے شہبازشریف حکومت کو 3اہم ایشوز پر صاف جواب دے دیا ۔ رپورٹ کے مطابق اسٹیبلشمنٹ نے واضح کر دیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے حکومتی فیصلہ سے قومی سلامتی کمیٹی کا کوئی لینا دینا نہیں اور نہ ہی آئی ایم ایف کے معاملات سے ہمارا کوئی تعلق ہے ۔ رپورٹ کے مطابق مقتدر حلقوں کی طرف سے حکومت کو دو ٹوک الفاظ میں بتا دیا گیا ہے کہ اسمبلیوں کی آئینی مدت پوری کرنے سمیت کسی بھی معاملہ پر کوئی ضمانت نہیں دے سکتے ۔ رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ حکومتی شخصیات پر واضح کر دیا گیا ہے کہ اگر وہ معاملات کو نہیں سنبھال سکتے تو اسمبلیوں کی تحلیل اور ملک میں فوری نئے انتخابات کا اعلان کریں۔ نجی ٹی وی کے مطابق (ن) لیگ کے قائد نوازاشریف پہلے یہ وزیراعظم شہبازشریف کو دو ٹوک الفاظ میں اسمبلی توڑنے کا مشورہ دے چکے ہیں ۔