بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

رجیم چینج،امریکہ کی پاکستان میں کھلی مداخلت،دھمکی پرڈونلڈ لو کو برطرف کرنا چاہیے،عمران خان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک بار پھر اپنی حکومت کے خاتمے کا ذمہ دار امریکا کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ 22کروڑ عوام کی منتخب حکومت کو ہٹانے کےلئے دھمکی دی گئی ، امریکی عہدیدار نے کہا کہ عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو پاکستان کو معاف کردیا جائے گا ،یہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت ہے ، امریکی معاون وزیر خارجہ برائے وسط اور جنوبی ایشیا ڈونلڈ لو کو برطرف کرنا چاہیے۔
۔ اپنے اقتدار کے خاتمے کے بعد غیر ملکی خصوصاًامریکی میڈیا(سی این این) کو دیے گئے اپنے پہلے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہپاکستان کےاندورنی معاملات میں بھرپور مداخلت کی گئی، امریکی عہدیدار نے کہا عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو معاف کر دیا جائے گا، اگلے ہی دن پارلیمنٹ میں میرے خلاف تحریک عدم اعتماد آگئی، 22 کروڑعوام کے منتخب وزیراعظم کوہٹانے کی دھمکی دی گئی، ڈونلڈ لو کی دھمکی سے پہلے امریکی سفارتخانہ ہمارے پارٹی ممبران کو بلاتا رہا، پارلیمنٹ کے دیگر ممبران کو خریدنے کیلئےلاکھوں ڈالر لگائے گئے، ڈونلڈ لوکو برطرف کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی سفارت خانے کے حکام ہمارے ناراض ایم این ایزسے ملاقات کیوں کر رہے تھے، امریکا نے پاکستان میں رجیم چینج کیوں کرایا؟ سائفر کو کابینہ اجلاس میں پڑھ کرسنایا گیا، قومی سلامتی کمیٹی میں بھی سائفر کا معاملہ اٹھایا گیا، قومی سلامتی کمیٹی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی موجود تھے،رجیم چینج کرانے پر عوام میں غم وغصہ ہے کیونکہ یہ پاکستان کے داخلی معاملات میں کھلی مداخلت ہے ۔انہوں نے کہا کہ امریکا جنوبی امریکی ممالک میں بھی رجیم تبدیلی میں بھی ملوث رہا ،اس نے ماضی میں کئی ممالک میں رجیم چینج کرائی ، عراق ،ایران میں رجیم چینج کے ثبوت بھی آچکے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ ان کے اچھے تعلقات تھے، بائیڈن انتظامیہ نے آتے ہی سرد مہری کا رویہ رکھا ،بائیڈن انتظامیہ کے آفس میں آتے ہی افغانستان کا معاملہ بھی ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ وہ افغانستان کے مسئلے کے سیاسی حل کی حمایت کرتے رہے،میں فوجی حل پر یقین نہیں رکھتا ۔ایک سوال پر عمران خان نے کہا کہ میرا روس کا دورہ پہلے سے شیڈول تھا،کسی کو معلوم نہیں تھا کہ میں روس جائوں گا تو یوکرین پر حملہ ہوجائے گا ، روس سے فوجی سازوسامان خریدنا تھا ،سستی گندم اور سستے تیل کے حوالے سے بھی بات کی ، روس کےدورے کے حوالے سے ہماری قیادت آن بورڈ تھی ۔
عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کی 60 فیصد کابینہ ضمانت پر ہے، آئندہ انتخابات کے نتائج کی پیشگوئی نہیں کر سکتا، یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ہماری پارٹی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے۔
صحافی کی طرف سے سوال پوچھا گیا کہ کیا آپ اب دوبار حکمرانی کریں گے؟ اس پر جواب دیتے ہوئے پی ٹی آئی نہ صرف آئندہ انتخابات جیتے گی بلکہ سب سے زیادہ ووٹ لے کر ملک کی سب سے بڑی حکمران جماعت ہو گی۔