لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکن کی فائرنگ سے پولیس اہلکار کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر کہا کہ بات اب گالیوں سے بڑھ کر گولیوں تک آچکی ہے ، ریاست مخالف کاروائیوں کو آہنی ہاتھوں سے روکا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ پولیس کانسٹیبل کمال احمد کی پی ٹی آئی آرگنائزر کے ہاتھوں شہادت ملک میں فساد برپا کرنے کی گھناؤنی سازش ہے، اگر آئین اور قانون سے کھلواڑ کرنے والوں کا راستہ اب بھی نہ روکا تو یہ فتنہ پورے ملک میں پھیلے گا۔
حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ میں واضح کردوں کہ ان ریاست مخالف کاروائیوں کو آہنی ہاتھوں سے روکا جائے گا، کانسٹیبل کمال شہید کے اہلخانہ کو نہ صرف انصاف کی فراہمی کا یقین دلاتا ہوں بلکہ ان کی والدہ کو خراج تحسین بھی پیش کرتا ہوں جنہوں نے ایسے بہادر سپوت کو جنم دیا۔









