اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )سپیکر قومی اسمبلی نے آج متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے افسوسناک انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ اسپیکر کا استقبال پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے کیا۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں شیخ خلیفہ کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ ان کے انتقال سے پاکستان ایک مخلص دوست اور امت مسلمہ کے عظیم رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔ شیخ خلیفہ کی زندگی اور خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسپیکر نے قوم اور ملک کے لیے ان کی خدمات کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ دونوں برادر ممالک کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے اسپیکر نے ہر سطح پر باقاعدہ رابطوں اور تعاون کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین گزشتہ برسوں میں قریبی تعلقات رہے ہیں۔ تاہم، دوطرفہ تجارت دونوں ممالک کے درمیان موجود صلاحیت سے مطابقت نہیں رکھتی۔ اسپیکر نے باہمی تجارت اور تعاون میں اضافہ کی صرورت پر زور دیا۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی تارکین وطن کا زکر کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام متحدہ عرب امارات کو دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ مذہبی اور ثقافتی مشترکات کی وجہ سے پاکستان کے عوام میں برادر ملک کے لیے بے پناہ محبت اور پیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ہنر مند افرادی قوت کو برادر ملک اپنی ترقی اور ترقی کے لیے بروئے کار لا سکتا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے اسپیکر قومی اسمبلی کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے حوالے سے ان کے خیالات کی توثیق کی۔ سفیر نے پاکستان کی معیشت کے استحکام اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحدہ عرب امارات کی حمایت کا اعادہ کیا۔ اسپیکر نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کے خیالات کا خیرمقدم کیا اور شیخ محمد بن زید النہیان کو متحدہ عرب امارات کے نئے صدر کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اسپیکر نے سفارتخانے میں رکھی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔
سپیکر قومی اسمبلی کا اماراتی سفارتخانے کا دورہ،شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر تعزیت








